گوجرانوالہ: صبحِ افسانہ کا انعقاد

|رپورٹ: عامر رفیق|

پروگریسو یوتھ الائنس کے زیر اہتمام اتوار کے روز بوقت 11 بجے صبح بمقام کوٹ عنا یت خاں، گکھڑ منڈی گوجرانوالہ میں ’’صبحِ افسانہ‘‘ منعقد کی گئی جس کی صدارت ممتاز افسانہ نگار، ناول نگار اور مترجم جناب خالد فتح محمد نے فرمائی جس میں کامریڈ صبغت وائیں نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض کامریڈ عامررفیق نے انجام دیے۔ پروگرام میں طلبہ اور نوجوانوں اور اہل محلہ نے شرکت کی۔

’’صبحِ افسانہ‘‘ کا آغاز عامر رفیق نے اپنا افسانہ سُنا کر کیا۔ بعد ازاں متین کیف، ناصرہ وائیں، سلیم ہارون اور مس سعدیہ نے حاضرین کو اپنااپنا افسانہ سُنایا۔ اس کے بعد حا ضرین کے لئے چائے کا وقفہ کیا گیا۔

وقفہ کے بعد صاحبِ صدر سے گذارش کی گئی کہ وہ بھی حاضرین کو اپنا افسانہ سُنا کر مستفید فرمائیں۔ صاحبِ صدر کے افسانہ کے بعد مہمانِ خصوصی کامریڈ صبغت وائیں کو اظہارِ خیال کی دعوت دی گئی تو اُنہوں نے آرٹ کی اہمیت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے افسانے کی اہمیت و ضرورت کو اُجاگر کیا۔

صاحبِ صدر نے اپنے صدارتی کلمات میں تمام افسانہ نگاروں کی تخلیقات کو پسند فرمایا اور اُن کی محنت کی داد دیتے ہوئے اُن کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور مزید کہا کہ افسانہ فی زمانہ ایک دُھتکاری ہوئی صنف کے برابر ہے جس کی ترقی کے لیے ہم سب کو محنت کرنا چاہیے اور ایسی نشستیں مستقبل میں بھی منعقد کرنی چاہئیں۔

آخر میں اسٹیج سیکرٹری عامر رفیق نے حاضرین کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ ساتھ سلیم ہارون کا بھی شکریہ ادا کیا کہ آپ نے صبحِ افسانہ کے انعقاد کے لیے اپنی بساط سے زیادہ محنت کی اور صبحِ افسانہ کو ایک کامیاب نشست بنانے کے لیے میزبانی کے فرائض سر انجام دیے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.