گوجرانوالہ: پنجاب یونیورسٹی میں بغیر سہولیات کے نئے سمیسٹر کی آن لائن کلاسز کا آغاز

|رپورٹ: پروگریسو یوتھ الائنس، گوجرانوالہ|

پنجاب یونیورسٹی (گوجرانوالہ کیمپس) میں 11 جنوری 2020 سے ایل ایل بی کے پہلے سمیسٹر کی آن لائن کلاسوں کا آغاز کیا گیا۔ اس حوالے سے سب سے پہلے واٹس ایپ گروپ بنائے جانے تھے اور یونیورسٹی انتظامیہ کے جس شخص کو اس کام کی ذمہ داری دی گئی اسے واٹس ایپ گروپ بنانا ہی نہیں آتا تھا۔ جیسے تیسے کر کے گروپ تو بن گیا لیکن اس میں طلبہ کو اس وقت شامل کیا گیا جب کلاس ہونی تھی اور نصاب اور ٹائم ٹیبل پہلے ہی بھیج دیا گیا۔ جس کی وجہ سے طلبہ کو یہ ہی نہ پتہ چل سکا کہ آج ان کی کلاس ہونی ہے کہ نہیں، جس کی وجہ سے انہیں کلاس لینے میں بہت مشکل پیش آئی۔

کلاس کے وقت فوراََ زوم ایپ کا لنک بھیج دیا گیا۔ طلبہ سے پوچھا ہی نہیں گیا کہ کیا ان کو زوم ایپ کا استعمال آتا بھی ہے کہ نہیں؟ طلبہ میٹینگ روم میں بغیر آڈیو کنکٹ کیے میٹینگ میں بیٹھے رہے اور کسی نے ان کو نہ بتایا کہ ان کو آواز کیسے آئے گی۔ اور اس کے علاوہ جو پروفیسرز کلاس لے رہے تھے ان کو بھی زوم ایپ استعمال کرنی نہیں آتی تھی۔ پروفیسرز خود کو میوٹ کر کے لیکچر دے رہے تھے اور جب ان کے انٹرنیٹ کا مسئلہ پیش آیا تو وہ میٹینگ چھوڑ کر چلے گئے اور یہ بتانے کی زحمت بھی نہ کی کہ اب آگے کلاس نہ ہو گی۔ اس سے اگلے دن کسی طالب علم کو یہ نہ بتایا گیا کہ کلاسیں زوم ایپ پر ہوں گی یا پھر گوگل میٹ اپ پر ہوں گی۔ اور نہ ہی طلبہ کو ان میں سے کسی بھی ایپ کا استعمال سکھایا گیا اور کلاس شروع کر دی گئی۔ جس کی وجہ سے بہت سے طلبہ کو مسئلہ پیش آیا۔

اس حوالے سے پروگریسو یوتھ الائنس، گوجرانوالہ کا مطالبہ ہے کہ آن لائن کلاسوں کے انعقاد کے لیے پہلے تمام طلبہ اور اساتذہ کو انٹرنیٹ اور کمپیوٹر کی سہولت دی جائے۔ اس کے بعد طلبہ اور اساتذہ کو زوم ایپ اور گوگل میٹس کا استعمال سکھایا جائے تاکہ طلبہ کو اپنی تعلیم حاصل کرنے میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے اور ان کا وقت ضائع ہونے سے بچ جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.