یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے طلبہ کا یونیورسٹی کی انتظامیہ کے خلاف احتجاج

|رپورٹ: پروگریسو یوتھ الائنس، لاہور|

25نومبر، بروز بدھ میڈیکل کالجز کے طلبہ نے یو ایچ ایس (یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز) کے خلاف لاہور میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاجی طلبہ کے بنیادی مطالبات میں ایکسپلژن رول کا خاتمہ، بلیک لسٹ کا خاتمہ اور امتحانات کے لیے اضافی موقع دیے جانے کا مطالبہ شامل تھا۔ احتجاجی طلبہ کا جم غفیر صبح 10 بجے یو ایچ ایس لاہور کے مین گیٹ پر اکٹھا ہوا اور طلبہ نے برکت مارکیٹ سے اقبال ٹاؤن جانے والی اہم شاہراہ کی ٹریفک مکمل طور پر بند کر دی اور یو ایچ ایس کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ اس کے بعد طلبہ ریلی کی شکل میں کیمپس پل کی طرف روانہ ہوئے اور کیمپس پل کی چاروں طرف سے آنے والی سڑکوں کو ہاتھوں کی زنجیر بنا کر بند کر دیا گیا۔ تھوڑی دیر میں علاقہ کے پولیس افسران، ایس ایچ او اور ڈی ایس پی احتجاجی طلبہ کو منتشر کرنے کے لیے پہنچ گئے اور ہمیشہ کی طرح طلبہ کو مذاکرات کی بند گلی میں دھکیلنے میں کامیاب ہوئے۔

اس کے بعد طلبہ دوبارہ ریلی کی شکل میں یو ایچ ایس کے مین گیٹ پر پہنچے اور طلبہ اور وائی ڈی اے کی قیادت کا وفد یو ایچ ایس کے وی سی سے مذاکرات کرنے اندر گیا۔ مذاکرات کا نتیجہ یہ نکلا کہ وی سی کالجوں کے بورڈ کے ساتھ ایک میٹنگ کرے گا جس میں طلبہ کے مطالبات پر نظرِثانی کی جائے گی۔ یہ میٹنگ کب بلائی جائے گی اور طلبہ دشمن اقدامات کو واپس لیا جائے گا یا نہیں اس کی کوئی یقین دہانی نہیں کروائی گئی۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یو ایچ ایس کے طلبہ کی اپنے مطالبات کے لیے جدوجہد ابھی ختم نہیں ہوئی بلکہ یہ ابھی اس کا آغاز ہے۔ اس کے لیے بڑے پیمانے پر یو ایچ ایس کے تمام طلبہ کو منظم ہونا پڑے گا۔ یاد رہے کہ یو ایچ ایس کے ماتحت 160 میڈیکل کالجز آتے ہیں اور تقریباً 1600 طلبہ اس فیصلے سے متاثر ہو رہے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مزاحمتی احتجاجات کے سلسلہ کو وسیع کرتے ہوئے باقی ماندہ طلبہ کو بھی ساتھ جوڑا جائے اور اس تحریک کو آگے بڑھایا جائے تاکہ ان تعلیم دشمن اقدامات کا مکمل طور پر خاتمہ کیا جا سکے۔

پروگریسو یوتھ الائنس شروع دن سے میڈیکل کے طلبہ کی جدوجہد میں شریک ہے اور مستقبل میں بھی ان کے ساتھ رہے گا۔ ہم میڈیکل کے طلبہ کے مطالبات کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور اس جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہیں مسائل کے خاتمے کے سلسلے میں پروگریسو یوتھ الائنس نے 19 دسمبر کو ملک گیر ”سٹودنٹس ڈے آف ایکشن“ کا اعلان کیا ہے۔ ہم ملک بھر کے طلبہ کو دعوت دیتے ہیں کہ اس میں ضرور شرکت کریں تاکہ طلبہ یونین کی بحالی، فیسوں کے خاتمے، ہراسمنٹ کے خاتمے اور دیگر مسائل کے خاتمے کے لئے لڑا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.