کوئٹہ: پروگریسیو یوتھ الائنس کے بلوچستا ن یونیورسٹی یونٹ کااجلاس، 3 اکتوبر کے کنونشن کے تیاریوں کا جائزہ

 |رپورٹ: پی وائی اے بلوچستان یونیورسٹی پریس سیکرٹری|

پروگریسیو یوتھ الائنس بلوچستان یونیورسٹی کا اجلاس زیرِ صدارت یونٹ آرگنائزر قسیم خان منعقد ہوا جس میں آرگنائزنگ باڈی کے ممبران سمیت متعدد طلباء اور طالبات نے شرکت کی۔ اجلاس میں 3 اکتوبر کے کنونشن کے سلسلے میں یونٹ کی سطح پر تیاریوں اور یونیورسٹی میں کمپئین کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ جس میں صورتحال کو تسلی بخش قرار دیا گیا۔ اجلاس میں بلوچستان یونیورسٹی یونٹ کی جانب سے لیے گئے اہداف اور حکمتِ عملیوں پر روشنی ڈالی گئی جن میں زیادہ سے زیادہ طلبہ کی شرکت اور طلبہ کی وسیع تعداد تک اپنا پیغام پہنچانا شامل تھا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یونٹ آرگنائزرقسیم خان نے کہا کہ پروگریسیو یوتھ الائنس بلوچستان کا 3 اکتوبر کو ظریف شہید آڈیٹوریم میں ہونے والا کنونشن بلوچستان سمیت پورے پاکستان میں ترقی پسند طلبہ سیاست کا ایک نیا آغاز ہوگا۔بالخصوص بلوچستان کے اندر جہاں پر طلبہ کو ہر طرح سے تعلیمی اداروں میں ایک ذہنی کوفت میں مبتلا کیا گیا ہے جسکی وجہ سے طلبہ کا معاشرے میں تعمیری کردار بالکل ختم ہو چکا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ کو جان بوجھ کر غیر ضروری بوجھ تلے روند اجارہا ہے جن میں غیر مُنظم سمسٹر سسٹم کے ذریعے طلبہ کسی غیر نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے قاصر ہوتے ہیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی آرگنائزر نرگس بلوچ نے کہا کہ طلباء کی طرح طالبات بھی سیاسی سرگرمیوں میں خوب بڑھ چڑھ کر حصہ لے سکتی ہیں اور بالخصوص پروگریسیو یوتھ الائنس کے بینر تلے طالبات کو کسی بھی ایشو کا مسلہ نہیں کرنا پڑتا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ پروگریسیو یوتھ الائنس کا 3 اکتوبر بلوچستان میں طلبہ سیاست کے حوالے سے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔ پروگریسیو یوتھ الائنس وہ واحد تنظیم ہے جوکہ کسی بھی وایتی تنظیم کے برعکس کسی شخص کے ذاتی مفاد یا کسی کے دباؤ میں طلبہ کے بنیادی مسائل پر سودے بازی کریگی۔ 
آخر میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پروگریسیو یوتھ الائنس بلوچستان کے صوبائی آرگنائزر ولی خان نے کہا کہ پروگریسیو یوتھ الائنس نہ صرف طلبہ اور نوجوانوں کے حقوق کے لیے لڑے گی بلکہ وہ طلبہ اور نوجوانوں کی سیاسی اور نظریاتی تربیت کیساتھ ساتھ سماج کے بُنیادی مسائل اور اُنکے حل کے حوالے سے منظم طور متبادل نظام کے حوالے سے طلبہ اور نوجوانوں کی رہنمائی کریگی۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ پروگریسیو یوتھ الائنس ایک ترقی پسند طلبہ تنظیم ہے جوکہ نسلی، قومی ، لسانی اور مذہبی بنیادوں پر طلبہ اور نوجوانوں کو ورغلانے اور طلبہ اتحاد کو منتشر کرنے والی قوتوں کیخلاف جدوجہد کریگی، اور اس سلسلے میں نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کے طلبہ اور نوجوانوں تک اپنا پیغام اور نظریات پہنچائے گی۔ اس سلسلے میں پروگریسیو یوتھ الائنس بلوچستان کا 3 اکتوبر کو ہونے والا کنونشن فیصلہ کُن ثابت ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.