دادو: پروگریسو یوتھ الائنس کے زیر اہتمام ’مفت تعلیم‘ اور ’طلبہ یونین بحالی‘ کیمپ کا انعقاد 

|رپورٹ: ستار جمالی|

9 اکتوبر 2017 بروز پیر استاد بخاری ڈگری کالج اور سندھ یونیورسٹی کیمپس، دادو میں پروگریسو یوتھ الائنس (PYA) کے زیر اہتمام مفت تعلیم اور سٹوڈنٹ یونین بحالی کے نعروں کے گرد رجسٹریشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس دوران پروگریسو یوتھ الائنس کا لیف لیٹ بھی کیمپ وزٹ کرنے والے طلبہ میں تقسیم کیا گیا۔ کیمپ میں سندھ یونیورسٹی کیمپس اور استاد بخاری ڈگری کالج کے بہت سارے طلبہ نے وزٹ کیا۔ اس دوران طلبہ سے درپیش مسائل کے حوالے سے بھی بات ہوئی اور طلبہ نے کھل کر اپنے مسائل کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کالج آنا جانا بہت مشکل ہے کیونکہ آمدورفت کی سہولت موجود نہیں۔ کوئی بس (پوائنٹ) مہیا کی جائے۔ طلبہ کی تعداد کے لحاظ سے کمرے موجود نہیں اور ایک ایک کمرے میں سو سے زائد طلبہ کو ٹھونس دیا جاتا ہے جس سے تعلیم متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کے کالج میں سٹوڈنٹس کے لیے کوئی کینٹین نہیں ہے۔ مزید بتایا کچھ اساتذہ کا اسٹوڈنٹس کے ساتھ رویہ ٹھیک نہیں ہوتااور وہ طلبہ کی بے عزتی کرتے ہیں اور انہیں گالیاں تک دی جاتی ہیں اور انہیں کالج سزا کے طور قیدیوں کی طرح قید کرکے رکھا جاتا ہے۔ 
سندھ یونیورسٹی کیمپس کے طلبہ نے بتایا کہ یونیورسٹی کی فیسیں آئے روز بڑھائی جاتی رہی ہیں اور اس طرح تعلیم حاصل کرنا بڑا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دور سے آنے والے طلبہ کہ لئے موجود ہاسٹل ناکافی ہے۔ اسی طرح انہوں نے ٹرانسپورٹ کی ناگفتہ بہ حالت کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے طلبہ کہ لئے میس نہ ہونے کی شکایات کیں جس کی وجہ سے انہیں دور تک سفر کر کے مہنگا کھانا کھانے جانا پڑتا ہے۔ اس کیمپ میں 30 کے قریب طلبا نے PYA کے ساتھ رجسٹریشن کروائی اور کیمپ کو سراہا۔ ایک ہفتہ بعد 16 اکتوبر بروز پیر پروگریسو یوتھ الائنس کے ستار، سلیم ، زیشان اور فاروق نے کامریڈ خالد کے ساتھ استاد بخاری ڈگری کالج کے طلبہ سے ملاقات کی جس میں 10 سے زائدطلبہ نے شرکت کی اور PYA کے مقصد کو سراہا اور اپنے حقوق کے لئے جدوجہد کا علم بلند کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ آنے والے دنوں میں PYA کی باڈی منتخب کی جائے گی اور تعلیم کے معیار اور کیمپس اور کالج کے مسائل پر سیمینار کئے جائیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.