گلگت بلتستان: قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کی فیسوں میں اضافے کے خلاف طلبہ کا احتجاج!

|رپورٹ: پروگریسو یوتھ الائنس، قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی گلگت بلتستان|

مورخہ 10 اپریل 2023ء کو قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کی فیسوں میں اضافے کے خلاف طلبہ نے وائس چانسلر کے دفتر کے سامنے احتجاج ریکارڈ کرایا۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی طرف سے مسلط کردہ یہ آمرانہ فیصلہ نہ صرف غریب طلبہ کے مشکلات میں اضافے کرے گا بلکہ یہ فیصلہ انہیں تعلیم سے بھی محروم کر دے گا۔ احتجاج میں طلبہ کو درپیش مسائل کے خلاف نعرے لگائے گئے۔ پروگریسو یوتھ الائنس قراقرم یونیورسٹی یونٹ کے کارکنان نے احتجاج میں شرکت کی اور قائدانہ کردار ادا کیا۔

ملک کے بڑھتے ہوئے معاشی بحران نے زندگی کے ہر شعبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ ایسے میں شعبہ تعلیم پر بھی اس بحران کے گہرے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ اسی اثناء میں تعلیمی بجٹ میں مسلسل کٹوتیاں، فیسوں میں اضافہ، شعبہ تعلیم سے منسلک ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگیاں نہ ہونا ایک معمول بن چکا ہے۔ لہٰذا اس کے خلاف طلبہ اور ملازمین میں شدید غم و غصہ موجود ہے۔ پچھلے عرصے میں ان مسائل کے حل کے لیے طلبہ و ملازمین کی طرف سے پورے ملک کے تقریباََ ہر تعلیمی ادارے میں احتجاج، ریلیاں، احتجاجی کیمپ، پریس کانفرنسیں اور ہڑتالیں منعقد کی جاتی رہی ہیں۔

قراقرم یونیورسٹی میں بھی فیسوں میں بے تحاشہ اضافہ کیا گیا ہے، جس کے خلاف طلبہ سراپا احتجاج ہیں۔ پروگریسو یوتھ الائنس طلبہ کے تمام مطالبات کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ اور اس جدوجہد میں طلبہ کے شانہ بشانہ کھڑا رہنے کا عزم کرتا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ حکمرانوں کے تعلیم دشمن حملوں کا جواب اتحاد کے زریعے طاقت کو بڑھاتے ہوئے مزاحمت کر کے ہی دیا جا سکتا ہے۔ لہٰذا شہر کے دوسرے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو بھی اس احتجاج میں شامل کرنا ہوگا، اور یونیورسٹی کے ملازمین کے مسائل کو مطالبات کی فہرست میں رکھ کر ان کو بھی احتجاج کا حصہ بنانا ہوگا۔

پروگریسو یوتھ الائنس، قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی گلگت بلتستان کی جانب سے طلبہ کو درپیش مسائل کے حل کیلئے احتجاجی تحریک جاری ہے۔ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے طلبہ کی فیسوں میں کمی، نئے اور معیاری ہاسٹلز و کینٹینوں، فلٹریشن پلانٹس، معیاری واش رومز اور پارکنک کے قیام، قابل ٹیچنگ سٹاف کی بھرتیوں، وزیٹنگ لیکچرارز کی مستقلی، طلبہ کے منتخب نمائندوں پر مشتمل اینٹی ہراسمنٹ کمیٹیوں کے قیام، کیمپس کی سیکورٹائزیشن اور قومی جبر کے خاتمے، طلبہ یونین کی بحالی اور سرمایہ داری کے خاتمے کی جدوجہد کیلئے بہت جلدگلگت بلتستان میں طلبہ کنونشن کا انعقاد کرنے جا رہا ہے۔

احتجاجی تحریک کا حصہ بننے کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.