کراچی: ملک گیر ”ڈے آف ایکشن“ کی تیاریوں کا سلسلہ تیزی سے جاری، ماروی گوتھ ملیر میں پی وائی اے کے یونٹ کی تشکیل

|رپورٹ: پروگریسو یوتھ الائنس، کراچی|

پروگریسو یوتھ الائنس ملک گیر ”ڈے آف ایکشن“ میں ملک بھر کے طلبہ کو ان کے مسائل کے حل کے لیے یکجا کرنے میں اپنی کاوشوں کو تیز تر کر رہا ہے۔ جس کے لیے 10 نومبر بروز منگل، ماروی گوٹھ ملیر میں بھی پی وائی اے کا یونٹ بنانے کا اعلان کیا گیا۔ اس موقع پر ماروی گوٹھ لائبریری کی تیسری منزل پر ایک شاندار تقریب منعقد کی گئی جس میں طلبہ اور نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی۔

پروگریسو یوتھ الائنس گزشتہ عرصے سے ماروی گوٹھ ملیر میں مفت تعلیم، طلبہ یونین کی بحالی، روزگار، اور نوجوانوں کے دیگر مسائل پر کمپئین جاری رکھے ہوئے ہے، اس کمپئین کے دوران پی وائی اے کے ساتھیوں نے ماروی گوٹھ ملیر میں طلبہ اور نوجوانوں کے ساتھ متعدد بار میٹنگز کا انعقاد کیا۔ جس کے بعد ماروی گوٹھ لائبریری میں 4 اکتوبر بروز اتوار ایک لیکچر پروگرام بھی کیا گیا اور پی وائی اے کے ساتھیوں نے طلبہ حقوق کی جنگ لڑتے ہوئے ٹیوشن مافیہ کے خلاف ماروی گوٹھ ملیر میں ایک ریلی بھی نکالی اور احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس کمپئین کو جاری رکھتے ہوئے نوجوانوں اور طلبہ میں پی وائی اے کے لیف لیٹ بھی تقسیم کیے گئے اور بہت سے طلبہ اور نوجوانوں نے پی وائی اے کی ممبر شپ بھی لی۔ گزشتہ عرصے میں چلنے والی جدوجہد اور اس میں ماروی گوٹھ ملیر کے طلبہ اور نوجوانوں کے بڑھتے رجحان کے پیشِ نظر پروگریسو یوتھ الائنس نے ماروی گوٹھ ملیر میں اپنا ایک فعال یونٹ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا۔

یونٹ کے پروگرام میں اسٹیج سیکرٹری کے فرائض ڈگری کالج کے طالبعلم عاقب نے ادا کیے، اور تقریب کے پہلے مقرر پی وائی اے ضلع ملیر کے صدر کامریڈ عادل عزیز تھے۔ عادل عزیز نے اپنی بات کے آغاز میں تقریب میں شامل حاضرین کے سامنے پی وائی اے کا تعارف پیش کیا اور اس کے بعد عادل عزیز نے اپنی گفتگو میں موجودہ عہد میں طلبہ اور نوجوانوں کے کردار پر تفصیلی گفتگو کی۔

تقریب کے دوسرے مقرر پی وائی اے، جامعہ کراچی یونٹ کے صدر آنند پرکاش تھے اور اس کے علاوہ دیگر مقررین میں پی وائی اے ملیر کے جنرل سیکرٹری عمران مہیسر، اسد، آفتاب، جواد اور پی وائی اے، کراچی کے سینئر نائب صدر میزان راہی تھے۔ تقریب کے آخری مقرر پی وائی اے کراچی کے آرگنائزر کامریڈ امیر یعقوب تھے، امیر یعقوب نے ماروی گوٹھ کی ٹیم کے نوجوانوں کو اس پُروقار تقریب کے انعقاد پر انقلابی جذبات کے ساتھ مبارکباد پیش کی، اور پروگرام میں بیٹھے نوجوانوں کو پی وائی اے کا حصہ بننے کی دعوت دی، جس کے بعد امیر یعقوب نے پی وائی اے، ماروی گوٹھ کی نومنتخب باڈی کا اعلان کیا اور باڈی کے نمائندوں سے پی وائی اے کی ذمہ دارویوں کو بخوبی نبھانے کا حلف بھی لیا۔

نو منتخب باڈی میں ڈگری کالج کے طالبعلم عاقب بطور انفارمیشن سیکرٹری، رزاق آباد کالج کے طالبعلم جواد بطور فنانس سیکرٹری، ماروی گوٹھ اسکول کے طالبعلم اسد بطور جنرل سیکرٹری، اور ماروی گوٹھ کے نڈر نوجوان آفتاب کو بطور صدر ماروی گوٹھ یونٹ منتخب کیا گیا۔ تقریب ختم ہونے کے بعد نوجوانوں نے ماروی گوٹھ میں ایک شاندار ریلی نکالی اور پُرجوش انقلابی نعروں سے تقریب کا اختتام کیا گیا۔

مفت تعلیم اور روزگار ہمارا حق ہے!
طلبہ یونین بحال کرو!

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.