|رپورٹ: پروگریسو یوتھ الائنس، بہاولپور|
11 دسمبر بروز منگل پروگریسیو یوتھ الائنس، بہاولپور کا سٹی کنونشن منعقد ہوا۔ کنونشن کی ابتدا عرفان منصور نے کی اور سیاست اور طلبہ سیاست کی اہمیت پر بات کی۔ عرفان کا کہنا تھا کہ آج کے عہد میں ہماری سبھی ضروریات سیاست سے جڑی ہوئی ہیں اور ان کے حصول کے لیے عملی سیاست میں اترنا ہوگا۔ زندگی کو سیاست کی ضرورت ہے, مزید ان کا کہنا تھا موجودہ سماج میں فرد کو فرد سے مختلف بنیادوں پر تقسیم کر کے سرمایہ دار طبقہ اپنا تسلط قائم رکھے ہوئے ہے۔ جہاں سیاست عام شخص کےلیے شجرِ ممنوعہ ہے وہیں سرمایہ دار طبقہ پانجوں انگلیاں اس کڑھائی میں ڈالے ہوئے ہے۔
اس کے بعد فضیل اصغر نے بات کو آگے بڑھایا اور پروگریسیو یوتھ الائنس کا مختصراً تعارف کروایا۔ فضیل کا کہنا تھا کہ آج کے عہد میں ہر شعبے میں بحران اور عدم استحکام کی کیفیت پائی جارہی ہے ایسے میں جہاں طلبہ کے مسائل ہیں وہاں طلبہ یونین کی عدم بحالی نے ان کو مزید بڑھا دیا ہے۔ ایسے میں طلبہ کو ایک ایسے پلیٹ فارم کی ضرورت ہے جہاں متحد ہو کر طلبہ اپنی جدوجہد کو بڑھا سکیں۔ سو پروگریسیو یوتھ الائنس واحد ایسا پلیٹ فارم ہے جو حقیقی معنوں میں طلبہ کو یہ سہولت فراہم کررہی ہے۔
اس کے بعد فرحان نے بات کو آگے بڑھاتے ہوئے پروگریسو یوتھ الائنس کے منشور کو بیان کیا۔ طلبہ یونین کے ادارے کی وضاحت کی کہ جس کی باڈی طلبہ ووٹ سے منتخب کرتے تھے۔ اس کے بعد پاکستان کی طلبہ سیاست کی تاریخ پر روشنی ڈالی۔ اس کے بعد بات کو اختتام کی طرف لے جاتے ہوئے طلبہ کو پروگریسوو یوتھ الائنس میں شمولیت کی دعوت دی۔ اس کے بعد اسلامیہ یونیورسٹی کے دو نوجوان شعراء حمزہ میئو اور فرحان رشید نے شاعری پیش کی۔ اس کے بعد بہاولپور کے معروف صحافی فہیم عامر نے انقلابی اشعار سے ہال میں موجود لوگوں کا لہو گرمایا۔
اس کے بعد فضیل اصغر نے بہاولپور شہر کی باڈی صدر: معراج ہاشمی, انفارمیشن سیکریٹری: فرحان رشید, سٹڈی سرکل انچارج: عرفان منصور, فنانس سیکریٹری: فضل حُسین, سینئر نائب صدر: اشفاق گجر اور جنرل سیکرٹری: محمد احمد, اور اسلامیہ یونیورسٹی کی باڈی صدر: فرحان رشید, انفارمیشن سیکریٹری:صہیب, فنانس سیکریٹری: شاذل قریشی, سیکریٹری جنرل: اسامہ اور سٹڈی سرکل انچارج: صہیب ہاشمی سے حلف لیا۔ آخر میں انقلابی نعروں کیساتھ شاندار کنونشن کا اختتام ہوا۔