جبوتہ کہوکوٹ (کشمیر): ”موجودہ صورتِ حال اور ہمارا کردار“ کے عنوان پر نوجوانوں کے ساتھ میٹنگ کا انعقاد

|رپورٹ: پروگریسو یوتھ الائنس، جبوتہ کہوکوٹ (کشمیر)|

مورخہ 9 ستمبر کو جبوتہ کہوکوٹ (کشمیر) کے مقام پر پروگریسو یوتھ الائنس کی طرف سے ”موجودصورتِ حال اور ہمارا کردار“ کے عنوان پر نوجوانوں کے ساتھ ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا اور انہیں پروگریسو یوتھ الائنس میں شمولیت کی دعوت دی گئی۔ میٹنگ کو شیراز اسلم نے چیئر کیا اور سب سے پہلے صہیب حنیف نے گفتگو کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ آج سرمایہ دارانہ نظام عالمی سطح پر اپنے بدترین نامیاتی بحران سے گزر رہا ہے، حکمران طبقہ اس بحران کا سارا بوجھ محنت کش طبقے اور نوجوانوں کے کندھوں پر لاد رہا ہے اور حالات پہلے سے زیادہ بدترین ہوتے جا رہے ہیں۔ اس سڑتے گلتے نظام کے باعث پوری دنیا میں بھوک، بیماری اور اذیت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس کے خلاف محنت کشوں اور نوجوانوں کو منظم ہو کر جدوجہد کا راستہ اپنانا ہو گا۔

اس کے بعد افعام اسلم نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ موجودہ نظامِ تعلیم نوجوانوں کو روزگار دینے کی اہلیت کھوتا جا رہا ہے۔ اب تعلیم ایک کاروبار بن چکی ہے اور تعلیم صرف وہی خرید سکتا ہے جس کے پاس پیسے ہیں۔ محنت کش طبقے سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے لیے تعلیم کا حصول اب ایک خواب بنتا جا رہا ہے۔ اس کے بعد عبید زبیر نے بحث کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا، موجودہ نظام گلنے سڑنے کے عمل میں ہے، جو اب صرف بھوک، ننگ اور بے روزگاری بانٹ سکتا ہے۔ سرمایہ دارانہ نظام کی ان تمام غلاظتوں اور برائیوں سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے آج وقت کی ضرورت ہے کہ ایک منظم جدوجہد کے ذریعے اس نظام کو اُکھاڑ پھینکا جائے۔ پروگریسو یوتھ الائنس طلبہ اور نوجوانوں کو ان کے حق کی لڑائی لڑنے اور طلبہ یونین کی بحالی کے لیے منظم کر رہا ہے۔ نیز عبد زبیر نے میٹنگ میں شامل ہونے والے نوجوانوں کو پی وائی اے میں شمولیت کی دعوت دی۔

اس کے بعد جازب سلیم نے نوجوانوں کے مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے میٹنگ کا اختتام ان اختتامی کلمات سے کیا کہ حکمران طبقہ کے تمام کھلواڑ سے محنت کش طبقہ تنگ آ چکا ہے، اس خطے کا محنت کش طبقہ تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہا ہے اور لوگ بھوک بیماری اور ذلت کی زندگی گزار رہے ہیں۔ آج نوجوانوں اور محنت کشوں کے پاس اس منافع خور نظام کو جڑ سے اکھاڑنے اور ایک سوشلسٹ نظام کا آغاز کرنے کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.