|رپورٹ: پروگریسو یوتھ الائنس، کشمیر|
گذشتہ روز پوسٹ گریجوایٹ کالج پلندری کے مرکزی دروازے کے سامنے پروگریسو یوتھ الائنس کے زیر اہتمام ایک شاندار کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈگری کالج اور پرائیویٹ کالجز و سکولز کے طلبہ نے شرکت کی۔ ڈگری کالج کے طلبہ سے بات کرتے ہوئے اُنھوں نے درپیش بہت سے مسائل کے بارے میں بتایاجس میں سب سے بڑا مسئلہ فیسوں میں اضافہ و ٹرانسپورٹ، کالجز میں طلبہ یونین کے نہ ہونے کی وجہ سے طلبہ کے دیگر مسائل میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور طلبہ کے پاس اپنے مسائل کے حل کے لئے کوئی فورم موجود نہیں ہے۔ کوئی بھی سیاسی سرگرمی پر بھاری جرمانے عائد کئے جاتے ہیں اور طلبہ کو کلاسز سے باہر نکال دیا جاتا ہے۔ کالج انتظامیہ کا کوئی بھی فیصلہ آخری اور حتمی ہوتا ہے جس سے طلبہ کے مسائل میں جہاں بے پناہ اضافہ ہو رہا ہے وہاں طلبہ عدم تحفظ کا شکار ہیں اور سیکیورٹی کے نام پر کالجز کو جیل خانوں میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔
طلبہ نے PYA کے پروگرام کو سراہا اور 40 سے زیادہ طلبہ نے رجسٹریشن کروائی اور 18 اگست کو راولاکوٹ میں ہونے والے پروگریسو یوتھ الائنس(P.Y.A ) کے زیر اہتمام آزادی کنونشن میں بھر پور شرکت کا عزم کیا ۔ کیمپ دن 11 بجے شروع کیا گیا اور اڑھائی بجے تک جاری رہا ۔ کیمپ میں موجود PYA کے نوجوان عادل خان نے طلبہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور کے اندر طلبہ کے مختلف طرح کے مسائل ہیں اور اُن مسائل کے حل کے لئے PYA طلبہ کے ہر قدم پر شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔