ٹنڈوجام: سندھ زرعی یونیورسٹی میں طلبہ کے وظائف میں غبن نامنظور!

|رپورٹ: پروگریسو یوتھ الائنس، ٹنڈوجام|

عالمی سرمایہ دارانہ نظام کے بحران کا تمام تر بوجھ دیگر ملکوں کی طرح پاکستان میں بھی محنت کش طبقے کے کندھوں پر ڈالا جا رہا ہے اور محنت کش طبقے پر شدید تر حملے ہو رہے ہیں۔ جہاں ایک طرف بنیادی اشیائے ضرورت عوام کی پہنچ سے دور ہو رہی ہیں وہیں پر تمام نام نہاد سہولتوں اور وظیفوں پر بھی بھاری کٹوتیاں لگ رہی ہیں۔ ایسا ہی ایک حملہ زرعی یونیورسٹی، ٹنڈوجام میں طلبہ پر بھی کیا گیا ہے۔

دیگر تعلیمی اداروں کی طرح زرعی یونیورسٹی، ٹنڈوجام میں بھی ہر سال HEC اور احساس پروگرام کے تحت طلبہ کے لیے چند وظائف فراہم کیے جاتے ہیں۔ مگر حالیہ برس ان وظائف کی رقم میں انتظامیہ کی جانب سے بہت بڑا غبن کیا گیا اور ایک اندازے کے مطابق دو کروڑ سے زائد روپوں کی کرپشن کی گئی ہے۔ جس کے باعث طلبہ کو وظیفے کے ذریعے ملنے والے ہزاروں روپوں میں سے بہت ہی قلیل رقم دی گئی ہے۔ وظائف کی رقم میں ہیر پھیر اور اس سے متعلقہ مسائل کے خلاف چند روز قبل زرعی یونیورسٹی کے طلبہ نے یونیورسٹی کے ایڈمن دفتر کے سامنے پُر زور احتجاجی مظاہرہ کیا۔ جس میں نااہل انتظامیہ کے خلاف سخت نعرے بازی کی گئی۔ طلبہ نے مطالبہ کیا کہ ان کے وظائف کی جتنی بھی رقم ہتھیائی گئی ہے یونیورسٹی انتظامیہ اسے فوراً واپس کرے اور طلبہ کے وظائف پوری رقم کے ساتھ انہیں ادا کیے جائیں۔ طلبہ کے اس احتجاج کو انتظامیہ نے روایتی طریقے سے بظاہر ہار مانتے ہوئے ختم کروایا اور طے پایا کہ انتظامیہ دو دن میں تمام مسائل حل کرے گی۔

پروگریسو یوتھ الائنس طلبہ کے مطالبے کی غیر مشروط حمایت کرتے ہوئے طلبہ کو پیغام دیتا ہے کہ یہ چور اور نااہل انتظامیہ فقط احتجاجی مظاہروں کو ضائع کرنے کی غرض سے جھوٹے وعدے کر رہی ہے جس کی مثالوں سے طلبہ احتجاجوں کی تاریخ بھری پڑی ہے۔ ہم طلبہ کو یہ باور کروا دینا چاہتے ہیں کہ اس کرپٹ انتظامیہ کے خلاف ایک منظم جدوجہد درکار ہے جس کے لیے تمام طلبہ کو متحد ہو کر لڑنا ہو گااور انتظامیہ کی ٹال مٹول اور حیلے بہانوں کو سختی سے رد کرتے ہوئے احتجاج کو اس وقت تک جاری رکھنا ہو گا جب تک انتظامیہ طلبہ کے تمام مطالبات تسلیم نہ کر لے۔ نیز ہم انتظامیہ کو بھی باور کرواتے ہیں کہ اس مرتبہ طلبہ خاموش نہیں رہے گے اور دو دن کے اندر مسائل حل نہ ہونے کی صورت میں احتجاجی مظاہروں کو مزید تیز کرتے ہوئے انھیں دیگر اداروں کے طلبہ کے ساتھ جوڑیں گے۔ جس کے اندر پروگریسو یوتھ الائنس ہر اوّل صف میں طلبہ کے ساتھ شریک رہے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.