کراچی: پی وائی اے کی لیفلیٹ کمپئین کا آغاز

|رپورٹ: جینی علی، نمائندہ پی وائی اے کراچی|

25 جون 2019ء بروز منگل پروگریسو یوتھ الائنس کراچی کی جانب سے لیفلیٹ کمپئین کی گئی۔ کمپئین نیپا چورنگی اور گلشن چورنگی میں کی گئی، جس میں نیپا چورنگی خاص طور پر یونیورسٹیوں، جن میں کراچی یونیورسٹی، NED اور وفاقی اردو یونیورسٹی جیسے قابل ذکر ادارے شامل ہیں، کے طلبہ کی آمد و رفت کا محور ہے۔

اسی طرح تھوڑے ہی فاصلے پر موجود گلشن چورنگی میٹرک اور انٹر میڈیٹ کے ٹیوشن سنٹرز کا گڑھ ہے۔ دونوں چورنگیوں پر دن بھر ہزاروں طلبہ تعلیمی اداروں سے آتے جاتے رہتے ہیں۔ پی وائی اے کی جانب سے جینی علی اور انعم نے طلبہ میں بڑی تعداد میں پی وائی اے کے تعارفی لیف لیٹ تقسیم کئے۔ اس کے ساتھ ساتھ انفرادی طور پر اور طلبہ کی ٹولیوں کے ساتھ پی وائی اے کے اغراض و مقاصد کے گرد مختصر بحثیں بھی کی گئیں، جس میں تعلیمی بجٹ کی کٹوتیوں کے اثرات، فیسوں میں اضافے اور دیگر سہولیات کے فقدان پر گفتگو ہوئی۔

ان مسائل کے حل کے لیے طلبہ تنظیم کی صورت میں طلبہ اتحاد کی ضرورت اور اہمیت پر بھی بات ہوئی، جس پر طلبہ نے انتہائی مثبت رویوں کا اظہار کرتے ہوئے موقف کی تائید کی۔ ساتھ ساتھ طلبہ کو پی وائی اے کا حصہ بننے کی دعوت بھی دی گئی۔

کارکنان نے دوران کیمپئین پی وائی اے کے سٹیکرز بھی چسپاں کئے۔ پی وائی اے کے کارکنان نے طلبہ کی وسیع تر پرتوں تک یہ پیغام لے جانے کے لیے اس لیف لیٹ کمپئین کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھنے کا اعادہ کیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.