کراچی: طلبہ کا این ٹی ایس کے خلاف احتجاج

|رپورٹ: پروگریسیو یوتھ الائنس، کراچی|

این ٹی ایس کے نتائج منسوخ کیے جائیں،پیسے لے کر پرچے لیک کرنے والی کالی بھیڑوں کو فی الفور محکمہ تعلیم سے بے دخل کیا جائے، جب تک مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے احتجاج جاری رکھیں گے۔ ابھی تک طلبہ احتجاج کا دائرہ کار پری میڈیکل کے شعبے سے وابستہ طالب علموں تک محدود ہے، مجموعی طور پر طلبہ تحریک کے لیے درکار پروگرام اور لائحہ عمل کا فقدان ہے۔ پروگریسیو یوتھ ا لائنس کے کامریڈز کی طلبہ کے احتجاج میں سرگرم شرکت۔ مطالبات کی مکمل حمایت۔

تفصیلات کے مطابق 25 اکتوبر بروز بدھ سندھ بھر کے پری میڈٖیکل کے طلبہ کی نمائندگی کرتے ہوئے طلبہ نے وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی سے کراچی پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی اور مظاہرہ کیا۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ صوبہ سندھ میں پری میڈیکل کے داخلے کے لیے این ٹی ایس ٹیسٹ22 اکتوبر کو ہونا تھا۔ مگر محکمہ تعلیم میں چھپی کالی بھیڑوں نے 21 اکتوبر کی رات کو پیسے لے کر پرچہ آؤٹ کر دیا۔ جس کی وجہ سے A+ گریڈ میں پاس ہونے والے طلبہ میڈیکل میں داخلے کی سیٹوں سے محروم ہو گئے، جبکہ پیسے دے کر پرچہ لیک کرانے والے C گریڈ کے طلبہ کو سیٹیں مل چکی ہیں۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم میں موجود کرپٹ مافیا کی وجہ سے ہزاروں طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگ چکا ہے جس سے کسی بھی طور برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ طلباء شدید غصے میں تھے، انہوں ہاتھوں میں کتبے اٹھا رکھے تھے جن میں NTS کے نتائج کو منسوخ کرنے کے نعرے درج تھے۔ طلبہ نہیں مانتے، ظلم کے ضابطے، تعلیم کا کاروبار بند کرو، این، ٹی ،ایس نامنظور جیسے پرجوش نعروں کے ساتھ طلبہ وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے نعرے لگاتے رہے، مگر طلبہ کی آواز پر سندھ حکومت کے کانوں میں جوں تک نہ رینگی، حکومت کا کوئی بھی نمائندہ طلبہ کے مسائل سننے کے لیے نہیں آیا، جس کے بعد طلبہ نے پریس کلب کی طرف مارچ کیا اور شدید نعرے بازی کرتے رہے اوراحتجاج جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے منتشر ہو گئے۔ 

پروگریسیو یوتھ الائنس کے کامریڈ زکی سارے عمل میں بھرپور شرکت ، پروگر یسیو یوتھ الائنس طلبہ کے تمام مطالبات کی مکمل حمایت کرتا ہے، تاہم ہم سمجھتے ہیں کہ پری میڈیکل کے طلبہ کے مسائل مجموعی طور پر طلبہ کے مسائل سے الگ نہیں ہیں، اس لیے اس احتجاج میں تمام طلبہ کے مسائل کو شامل کرنا چاہیے، تاکہ سارے شہر ،صوبے اور ملک کے طلبہ کو منظم کرتے ہوئے حکمرانوں کی تعلیم دشمن پالیسیوں کے خلاف ڈٹ کر لڑا جاسکے۔ ایک سائنسی پروگرام اور لائحہ عمل کے بغیر حکمران طبقات کی ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف طلبہ کے مسائل کو حل کرنے کی جدوجہد پھر طلبہ کو حکمران طبقے کے ہی مختلف دھڑوں کا آلہ کار بننے کی طرف لے جا سکتی ہے۔ پروگریسیو یوتھ الائنس نہ صرف کراچی میں بلکہ پورے ملک میں طلبہ تحریک کو ٹھوس طلبہ مسائل پر مبنی پروگرام اور لائحہ عمل فراہم کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.