ژوب: ”روس انقلاب“ کے موضوع پر سٹڈی سرکل کا انعقاد

|رپورٹ: پروگریسو یوتھ الائنس، ژوب|

ژوب سٹڈی سرکل کی جانب سے 28 نومبر، بروز ہفتہ شام 6 بجے گلوبل سائنس اکیڈمی، ژوب میں ”روس انقلاب“ کے موضوع پر ایک سٹڈی سرکل کا انعقاد کیا گیا تھا، جس میں مرکزی مقرر ریڈ ورکرز فرنٹ، بلوچستان کے رہنما رزاق غورزنگ تھے۔ رزاق غورزنگ نے اپنی تفصیلی گفتگو میں انقلابِ روس کے تاریخی کردار پر بات کرتے ہوئے اس کو محنت کشوں، کسانوں اور کچلے ہوئے عوام کی سرمایہ دارانہ نظام پر پہلی تاریخی فتح قرار دیا۔ اس انقلاب نے یہ ثابت کیا کہ سماج کو سودخوروں، سرمایہ داروں اور لٹیروں کے بغیر بہتر انداز سے چلایا جا سکتا ہے۔ محنت کشوں نے اقتدار میں آنے کے بعد انتہائی قلیل عرصے میں پسماندہ روس کو اس کی اتھاہ پسماندگی سے نکال کر ایک ترقی یاقتہ ملک بنا دیا۔ محنت کش طبقے کی عظمت نے اپنی لازوال کامیابیوں کا اظہار صرف الفاظ میں ہی نہیں کیا بلکہ سٹیل، صنعت، زراعت، میڈیکل اور دوسرے شعبہ ہائے پیداوار کے ذریعے حقیقی اور ٹھوس شکل میں بھی کیا۔

اس کے علاوہ سٹڈی سرکل میں اُس وقت پوری دنیا ابھرنے والی قومی آزادی اور طبقاتی تحریکوں پر انقلابِ روس کے اثرات کا مفصل جائزہ لیا گیا، جس کو مختصر یوں بیان کیا جا سکتا ہے کہ 20 ویں صدی کے تمام تر تاریخی ارتقاء میں روس انقلاب وہ بنیادی کڑی ہے جس کو اگر انسانی تاریخ سے ہٹا دیا جائے تو کچھ بھی باقی نہیں رہے گا۔ رزاق غورزنگ کی بات کے بعد شرکاء کی جانب سے مختلف سوالات کے جوابات کی روشنی میں آج کے بحران زدہ سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف روس انقلاب سے اسباق حاصل کرتے ہوئے انقلابی بنیادوں پر سوشلسٹ انقلاب کی جدوجہد کو منظم کرنے کا اعادہ کیا گیا۔ سٹڈی سرکل کے اختتام پر لال سلام کی شاندار فروخت ہوئی اور عام ہڑتال کا لیف لیٹ بھی شرکاء میں تقسیم کیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.