|بیورو اجلاس پی وائی اے، لاہور|
13 دسمبر بروز بدھ پروگریسو یوتھ الائنس، لاہور کی جانب سے پی وائی اے کے مرکزی دفتر میں لاہور کے یوتھ بیورو کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ بیورو میٹنگ میں جی سی یونیورسٹی، پنجاب یونیورسٹی اور لاہور کے مختلف تعلیمی اداروں سے طلبہ نے شرکت کرتے ہوئے انقلابی جذبے کا اظہار کیا۔ اس یوتھ بیورو کی میٹنگ میں سوشلزم کے انقلابی نظریات کو طلبہ تک پہنچانے کی جدوجہد کو تیز کرنے کے حوالے سے لائحہ عمل اور اہداف طے کئے گے۔
یہ اجلاس تین سیشنز پر مشتمل تھا۔ پہلے سیشن میں پی وائی اے لاہور کے ریجنل آرگنائزر کامریڈ ثاقب اسماعیل نے عالمی و ملکی صورتحال پر بات رکھی، ان کا کہنا تھا کہ اس وقت امریکہ، برطانیہ، جرمنی اور چائنہ جیسے ترقی یافتہ ممالک کی معیشت بھی تباہ حالی کا شکار ہے،جہاں محنت کشوں کی زندگیاں اجیرن بن چکی ہیں اور وہ تعلیم و صحت جیسی بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہو کر رہ گئے ہیں۔
کمر توڑ مہنگائی اور بڑھتی ہوئی بے روزگاری کی وجہ سے عوام کا معیار زندگی مسلسل گر رہا ہے اور وہ اپنے حقوق کے حصول کے لیے سڑکوں پر نکل رہے ہیں۔ محنت کش اور نوجوان تیزی کے ساتھ انقلابی نظریات کی طرف راغب ہو رہے ہیں امریکہ اور برطانیہ میں 12 سال کے لڑکے اور لڑکیاں خود کو کمیونسٹ کہلوا رہے ہیں اور انقلابی نظریات کی پیاس مسلسل بڑھ رہی ہے۔
پاکستان میں بھی عوام میں مہنگائی کے خلاف شدید غصہ موجود ہے اور عوام تمام رائج الوقت سیاسی پارٹیوں سے نفرت کرتے ہیں۔ پورے خطے میں لوگ سراپا احتجاج ہیں۔ سرکاری ملازمین کی ہڑتالوں سے لے کر کشمیر میں بجلی بلات کے بائیکاٹ تک اور گوادر سے لے کر گلگت بلتستان تک لوگ سڑکوں پر نکل رہے ہیں اور حکمرانوں کے خلاف مزاحمت کا اظہار کر رہے ہیں۔
اس مزاحمت کا دائرہ کار مسلسل بڑھ رہا ہے اور اس وقت حکمرانوں کے خلاف عوامی غصہ لاوے کی طرح پک چکا ہے جو آنے والے وقت میں ایک بہت بڑی عوامی تحریک کی شکل میں اپنا اظہار کرے گا۔ اس تمام صورتحال میں محنت کشوں کی ایک انقلابی پارٹی کا ہونا انتہائی اہمیت کا حامل بن جاتا ہے جو اس سارے عمل کو تیز کرتے ہوئے محنت کشوں کے ساتھ مل کر پاکستان میں سوشلسٹ انقلاب برپا کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔
اس کے بعد کامرید فضیل اصغر نے عالمی سطح پر طلبہ، نوجوانوں اور محنت کشوں کی جانب سے سوشلزم کے انقلابی نظریات کی طرف مائل ہونے اور سمجھنے کے تجسس پر تفصیلی بات کی۔
دوسرے سیشن میں پروگریسو یوتھ الائنس، لاہور کی طرف سے تیار کردہ ڈاکیومنٹری دکھائی گئی۔ جس میں پی وائی اے، لاہور کی پچھلے چند ماہ کی لاہور میں ہونے والی سرگرمیوں کی تصاویر اور ویڈیوز کی جھلکیاں دکھائی گئیں جس میں سٹڈی سرکلز، سیمینارز، اوپن مائیک گیدرنگز، تھیٹر پیشکش، انقلابی لٹریچر کے سٹالز، فلم سکریننگزاور بالخصوص ”سوشلسٹ انقلاب ہی واحد حل ہے“ کی کمپیئن شامل تھی۔
موجودہ بحران کے عہد میں جہاں نوجوان عدم تحفظ، تاریک مستقبل کے خوف اورڈپریشن جیسے امراض کا شکا ر ہورہے ہیں ایسے میں پی وائی اے کے کارکنان کی جانب سے ہر قسم کی قربانی دے کر انقلابی نظریات کو بے باک ہو کر پھیلانے جیسی حوصلہ افزاء سرگرمیوں نے امید کی کرن کا کردار ادا کیا ہے۔ پی وائی اے کے کام پر مشتمل اس ڈاکیومنٹری کو نئے آنے والے طلبہ نے بہت سراہا اور آئندہ ہونے والی تمام سرگرمیوں میں حصہ لینے کا ارادہ کیا۔
میٹنگ کا آخری سیشن تنظیمی امور کے حوالے سے تھا جس میں پچھلے کام اور اہداف کا جائزہ لیا گیا اور آنے والے عرصے میں سوشلزم کے انقلابی نظریات کو نوجوانوں تک پہنچانے کے لیے عملی جدوجہد کو تیز تر کرنے کے لیے لائحہ عمل تیار کیا گیا۔ ”سوشلسٹ انقلاب ہی واحد حل ہے“ کا پیغام لاہور کی مختلف یونیورسٹیوں اور کالجوں میں لے کر جانے کے ٹارگٹس لیے گئے۔ جس کے لیے سیمینارز، سٹڈی سرکلز، اوپن مائیک گیدرنگز، فلم سکریننگز، تھیٹر، موسیقی، آرٹ، لیف لیٹنگ، پوسٹر زنگ،ڈاکیومنٹریز، انقلابی لٹریچرز کے سٹالز اور مختلف طریقوں سے انقلابی نظریات کی ترسیل کی جدوجہد کا دائرہ کار مزید بڑھانے کا عزم کیا گیا۔
اس کے بعد پروگریسو یوتھ الائنس کے سہہ ماہی میگزین ”ہلہ بول“ کے لاہور کے ذمہ دار کامریڈ کفیل ملک نے تمام اہداف کو پورا کرنے کے حوالے سے میگزین کی اہمیت پر بات کی اور ”ہلہ بول“ کے نئے آنے والے شمارے کی تفصیلات پر بات کی۔
آخر میں کام کی تقسیم کار کر کے ذمہ داران کا تعین کیا گیا۔ اجلاس کے اختتام پر بھرپور انقلابی نعرے بازی کی گئی اور ہال انقلابی نعروں سے گونج اٹھا۔
ہم آپکو دعوت دیتے ہیں کہ پروگریسو یوتھ الائنس کا ممبر بن کر سوشلزم کے انقلابی نظریات پر کاربند انقلابی پارٹی کی تعمیر کا حصہ بنیں۔ پروگریسو یوتھ الائنس کا ممبر بننے کے لیے یہاں کلک کریں۔