کشمور: ”سوشلزم کیا ہے؟“ کے عنوان پر سٹڈی سرکل کاانعقاد

|رپورٹ: پروگریسو یوتھ الائنس،کشمور|

7 اکتومبر 2021ء بروز جمعرات پروگریسو یوتھ الائنس کشمور کے زیرِ اہتمام صوبہ سندھ کے شہر کشمور میں سٹڈی سرکل کا انعقاد کیا گیا، جس میں کشمور کی تحصیل تنگوانی میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے تقریباً 15 نوجوانوں نے اس سٹڈی سرکل میں شرکت کی۔ اس سٹڈی سرکل کا انعقاد گورنمنٹ ہائی سکول تنگوانی کے پارک میں کیا گیا۔ سٹڈی سرکل کا عنوان ”سوشلزم کیا ہے؟“ تھا۔

سٹڈی سرکل میں چیئر کے فرائض کامریڈ دیدار نے ادا کیے جبکہ اس موضوع پر تفصیلی بات کامریڈ اختر سندھیار نے کی۔

موضوع پر بات کرتے ہوئے کامریڈ سندھیار کا کہنا تھا کہ آج سرمایہ دارانہ نظام پوری دنیا میں بحران کا شکار ہے اور، امیر اور غریب کے درمیان فرق اپنی انتہاؤں پر پہنچ چکا ہے۔ اس عالمی بحران کا آغاز 2008ء کے عالمی معاشی بحران سے ہوا تھا جس نے سرمایہ دارانہ نظام کی کھوکھلی حقیقت کو سب کے سامنے عیاں کر دیا تھا۔ اس وقت سرمایہ دارانہ نظام نامیاتی بحران کا شکار ہے اور تاریخی زوال کی جانب گامزن ہے۔ سندھیار نے بات کو آگے بڑھاتے ہوئے سرمایہ دارانہ نظام میں محنت کش طبقے کے استحصال کے عمل اور وجوہات کو بھی بیان کیا، اور اس استحصال کی بنیاد پر طبقاتی خلیج یعنی امیر اور غریب کے مابین فرق میں اضافے کے عمل کو بھی بیان کیا۔ سندھیار نے سوشلسٹ انقلاب کی ضرورت اور اہمیت پر روشنی ڈالی اور اس کی تیاری سلسلے میں مارکسزم کے سائنسی اور انقلابی نظریات کی بنیاد پر قائم انقلابی پارٹی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ آخر میں سندھیار نے سوشلسٹ نظام کے خدوخال واضح کیے اور بتایا کہ کیسے سوشلسٹ نظام میں نسل انسانی کو درپیش مسائل کا مستقل حل نکالا جائے گا۔

کامریڈ سندھیار کی تفصیلی گفتگو کے بعد شرکاء کی جانب سے موضوع کے متعلق سوالات پوچھے گئے۔

اس کے بعد دیگر شرکاء نے بھی بحث میں حصہ لیا اور اس موضوع کے دیگر پہلوؤں پر روشنی ڈالنے کے ساتھ ساتھ سوالات کے جوابات بھی دیے۔ بحث میں حصہ لینے والے شرکاء میں ڈاکٹر فرمان کھوسہ، کامریڈ دیدار، کامریڈ حبیب بلیدی اور کامریڈ کریم بلوچ شامل تھے۔

سٹڈی سرکل کے اختتامی مراحل میں کامریڈ دیدار کی جانب سے پروگریسو یوتھ الائنس کے منشور و مقاصد کا تعارف کرایا گیا جس میں شرکاء نے بڑی دلچسپی کا اظہار کیا اور ہفتہ وار بنیادوں پر سٹڈی سرکل جاری رکھنے کا عہد کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.