| رپورٹ پروگریسو یوتھ الائنس، بلوچستان|
بولان میڈیکل کالج کے طلبہ نے گولیمار چوک بروری روڈ کوئٹہ پر مین ہاسٹل گرانے کے خلاف احتجاج کیا۔ اس احتجاج میں کالج کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ احتجاج کے شرکاء کا ایک ہی مطالبہ تھا کہ ہم ہاسٹل کو گرانے نہیں دیں گے اور اس وقت تک احتجاج ختم نہیں کریں گے جب تک حکومت کی جانب سے ہمیں متبادل ہاسٹل فراہم نہیں کیا جاتا۔
طلبہ نے حکومت اور کالج کی انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ واضح رہے کہ ضلعی اور کالج انتظامیہ مذکورہ ہاسٹل کے گرانے کو سبزل روڈ کے ایکسٹینشن کے ساتھ جوڑتے ہیں، جس پر طلبہ کا کہنا ہے کہ بیشک ہاسٹل کو روڈ ایکسٹینشن کی وجہ سے گرایا جائے مگر اس سے پہلے ہمیں متبادل ہاسٹل فراہم کیا جائے۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اس وقت بولان میڈیکل کالج کی انتظامیہ خصی پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس پورے عمل کے اندر مجرمانہ خاموشی اختیار کر چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہاسٹل کی تعمیر کے لئے دو ارب روپے کا بجٹ منظور ہو چکا ہے مگر آج تک کسی بھی طالب علم کو پتہ نہیں ہے کہ یہ دو ارب روپے کہاں خرچ کیے گئے ہیں۔
احتجاجی مظاہرین سے مذاکرات کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اور سبزل روڈ ایکسٹینشن کا پروجیکٹ ڈائریکٹر آیا جنہوں نے طلبہ کے تمام تر مطالبات کے حوالے سے متعلقہ حکام بالا کو مطلع کرنے کیلیے وقت مانگا جس پر طلبہ نے انہیں مہلت دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہمارے مطالبات نہیں مانے جاتے، تو اس کے بعد ہم پھر احتجاج کریں گے۔
بولان میڈیکل کالج جوکہ صوبے میں طب کے حوالے سے پرانا اور بڑا ادارہ ہے، میں ہاسٹلز کی فراہمی کے حوالے سے طلبہ شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ کالج میں داخلہ ملنے کے بعد تیسرے یا چوتھے سال بمشکل ان طلبہ کو ہاسٹل میں جگہ مل جاتی ہے جو کہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ جس کی وجہ سے طلبہ کو پرائیویٹ ہاسٹلز میں بھاری بھرکم فیسیں دے کر رہنا پڑتا ہے۔
پروگریسو یوتھ الائنس مظاہرے میں شریک تمام طلبہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی جدوجہد کو سراہتا ہے، اور طلبہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہے۔ ہم طلبہ کے تمام تر مطالبات کی غیر مشروط حمایت کرتے ہوئے اس جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کی یقین دہانی کراتے ہیں۔ جبکہ دوسری جانب ہم کالج کی انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنے ادارے کے تمام طلبہ کو فی الفور مفت اور معیاری ہاسٹل کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ اور کالج میں ہاسٹلز کے لیے دیے گئے بجٹ کو کرپشن کی نذر کرنے کی بجائے ہاسٹل کی تعمیر کی جائے، بصورت دیگر پروگریسو یوتھ الائنس بولان میڈیکل کالج کے طلبہ سمیت صوبے بھر کے طلبہ کو ساتھ جوڑتے ہوئے پھر سے احتجاج کرے گا۔