|رپورٹ: عادل خان|
پروگریسو یوتھ الائنس(PYA) کے زیر اہتمام 7نومبر کو گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج پلندری کے سامنے رجسٹریشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ کیمپ صبح8بجے سے دن12بجے تک جاری رہا جس میں وقفے وقفے سے پوسٹ گریجوایٹ کالج کے علاوہ مختلف پرائیویٹ کالجز کے طلباء نے بھی وزٹ کیا۔ مفت تعلیم، روزگار سب کے لیے اور طلبہ یونین کی بحالی کے مطالبات کے گرد منعقد کیے گئے اس کیمپ میں بڑی تعداد میں سٹوڈنٹس نے وزٹ کیا اور رجسٹریشن کروائی۔
کیمپ میں PYAکے منشور سمیت دیگر کتابوں پر مشتمل ایک سٹال بھی لگایا گیا۔کیمپ کے دوران اس کیمپین کے لیے شائع کیا گیا PYA کا لیف لیٹ بھی تقسیم کیا گیا۔ کیمپ کا وزٹ کرنے والے سٹوڈنٹس کا کہنا تھا کہ تعلیم کو ایک کاروبار بنا دیا گیا ہے اور عام آدمی کے لیے معیاری تعلیم حاصل کرنا نا ممکن ہو گیا ہے۔ اس موقع پر سٹال پر رکھے گئے سوشلسٹ لٹریچر میں بھی سٹوڈنٹس نے دلچسپی کا اظہار کیا۔ سٹوڈنٹس کا کہنا تھا کہ انھیں ایسا کوئی پلیٹ فارم میسر نہیں جس سے وہ اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھا سکیں۔PYA کے منشور کوسراہتے ہوئے طلبہ نے تعلیم سمیت دیگرمسائل پر بے شمار سوالات بھی کیے اور PYAکی جدو جہد میں شرکت کی خواہش ظاہر کی۔ اس دوران بڑی تعداد میں نوجوانوں نے رجسٹریشن کرائی اور سٹڈی سرکل میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے اس جدو جہد کوآگے بڑھانے میں اپناکردار ادا کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ انھوں نے PYAکی اس کاوش کو سراہا اور ساتھ مل کر اس جدوجہد کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر PYAکے سرگرم کارکنان عادل، عبیداور قمر فاروق نے طلبہ سے کہا کہ کشمیرسمیت پورے پاکستان میں نوجوانوں کی تحریک کو آگے بڑھائیں گے۔