|رپورٹ: پروگریسو یوتھ الائنس، لاہور|
3 فروری بروز جمعرات ریجنل آفس لاہور میں پی وائی اے بیورو کے اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں پنجاب یونیورسٹی، جی سی یونیورسٹی، ایجوکیشن یونیورسٹی، یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی، ایف سی یونیورسٹی، یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب،ورچوئل یونیورسٹی، نمل یونیورسٹی اور دیگر تعیلمی اداروں سے پروگریسو یوتھ الائنس کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس میں تنظیمی کام کا بغور جائزہ لینے کے ساتھ نئے یونٹ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا اور ساتھ ہی اسی ماہ دو مارکسی اسکول منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جن میں پہلا ریجنل مارکسی اسکول 19 فروری کو کسان ہال میں منعقد کیا جائیگا۔ جس میں ”عالمی و پاکستان تناظر“ اور انقلاب روس کے قائد لینن کی کتاب”کیا کیا جائے“ کے موضوعات کو زیر بحث لایا جائیگا۔ اور دوسرا ریجنل مارکسی اسکول 26 فروری کو منعقد کیا جائیگا جس میں ”جیمز ویب اور بگ بینگ؛ مارکسی تناظر“ اور ”مارکسزم بمقابلہ پوسٹ کلونیالزم“ پر بات کی جائیگی۔
انقلابی نظریات کی ترویج کے لیئے تعلیمی اداروں، مختلف ہاسٹلز اور عوامی مقامات پر سٹڈی سرکلز، لیف لیٹنگ، فلم سکریننگ اور ممبر سازی کیمپس لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔
پروگریسو یوتھ الائنس پورے پاکستان میں عورتوں کے مسائل کے حل کے لیے سرگرم عمل ہے۔ اسی اثنا میں لاہور میں بھی 8 مارچ کو محنت کش خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے سیمینار کا انعقاد کیا جائیگا اور عورتوں کے مسائل: گھریلو تشدد، جنسی امتیاز، اجرتوں میں کمی، تعلیمی اداروں اور کام کی جگہوں پہ ہراسمنٹ و دیگر مسائل کے خلاف کیمپئن کرنے کا تفصیلی منصوبہ بنایا گیا۔
اور عورتوں کے مسائل کے حوالے سے تعلیمی اداروں، محلوں، اور صنعتی علاقوں میں سٹریٹ تھیٹر پرفارمنسز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
پروگریسو یوتھ الائنس، لاہورنوجوانوں کو دعوت دیتا ہے کہ ہماری اس کیمپئن کا حصہ بنیں اور حقیقی آزادی پر مبنی ایک سوشلسٹ سماج کی تخلیق کے لیے اس فرسودہ نظام سرمایہ داری کے خلاف منظم جدوجہد میں ہمارے ساتھ شامل ہوں۔