|رپورٹ: پروگریسو یوتھ الائنس، کشمیر|
مورخہ 10جولائی 2019ء کو پلندری میں پروگریسو یوتھ الائنس کے زیر اہتمام ایک روزہ مارکسی سکول کا انعقاد کیا گیا۔سکول کا ایجنڈا عالمی و ملکی تناظر تھا جس پر لیڈ آف کامریڈ گلباز کی تھی۔
گل باز نے عالمی تناظر سے اپنی گفتگو کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ آج پوری دنیا میں سرمایہ دارانہ نظام بری طرح ناکام ہو چکا ہے اور پوری دنیا میں انسانیت کو تبا ہی کی طرف لے جا رہا ہے۔ اس نظام کے پاس انسانیت کے مسائل کا کوئی حل موجود نہیں ہے۔ عالمی سطح پر اس نظام کے خلاف تحریکیں بھی ابھر رہی ہیں۔ ایسی صورتحال میں جہاں امریکہ اور یورپ میں یہ نظام ناکام ہو چکا ہے تو تیسری دنیا کے ترقی پزیر ممالک میں جہاں حالات پہلے سے بدتر تھے وہاں مزید معاشی، سیاسی اور سماجی عدم استحکام میں اضافہ کر رہا ہے۔ عوام پر مزید ٹیکسز کا بوجھ ڈالا جا رہا ہے اور سرمایہ داروں کی دولت میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ آئی ایم ایف کی پالیسی یہ ہے کہ تمام تر بوجھ عوام پر ڈالا جائے جس میں سرکاری اداروں کی نجکاری شامل ہے جس کی وجہ سے بے روزگاری میں مزید اضافہ ہو گا اور عوام بنیادی ضروریات سے بھی محروم ہو جائے گی جن میں تعلیم، روزگار، علاج اور اشیاء خردونوش شامل ہیں۔ اب انسانیت کے پاس ایک ہی راستہ بچا ہے اور وہ سوشلزم کے ذریعے سرمایہ داری کو اکھاڑ کے ایک نئے نظام کی بنیاد رکھنا ہے۔
اس کے بعد سوالات کے سلسلے کا آغاز ہوا۔ سوالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کامریڈ غفار اور کامریڈ ظہیر نے بھی عالمی و ملکی صورتحال پر بات رکھی۔ کامریڈ عادل نے انقلا بی تنظیم کی اہمیت پر بات رکھی کہ اس وقت پوری دنیا کا بحران قیادت کے فقدان کا بحران ہے۔ لہٰذا ہمیں انقلابی قیادت کی تعمیر کو تیز کرنا ہو گا۔ اس کے بعد کامریڈ گلباز نے سوالات کی روشنی میں تمام تر بحث کو سمیٹا۔