|رپورٹ: پروگریسو یوتھ الائنس، لاہور|
انٹرمیڈیٹ پارٹ ون کے پرچوں کی ناقص چیکنگ کے خلاف جمعرات کے روز لاہور کے مختلف کالجز کے طلبہ نے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاجی طلبہ نے بورڈ انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور سڑک ٹریفک کے لئے بلاک کر دی۔ طلبہ کا احتجاج قریباً دو گھنٹے تک جاری رہا۔
طلبہ کا کہنا تھا کہ بورڈ انتظامیہ ان کے ساتھ کھلواڑ کر رہی ہے اور ان مستقبل کے ساتھ کھیل رہی ہے۔ طلبہ کا مطالبہ تھا کہ نتائج کو منسوخ کیا جائے اور پرچوں کی ری مارکنگ کی جائے۔ احتجاج میں موجود پروگریسو یوتھ الائنس کے کارکنوں سے بات کرتے ہوئے ایک طالبعلم کا کہنا تھا کہ سخت محنت کے باوجود جب رزلٹ آیا تو انتہائی کم نمبر دئیے گئے ہیں اور اکثریت طلبہ کے ساتھ ایسا ہوا ہے جو کہ صاف ظاہر کرتا ہے کہ پرچوں کی چیکنگ انتہائی ناقص انداز میں کی گئی ہے جس کے باعث وہ احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوئے ہیں اور ان کا مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے۔ احتجاج میں موجود طلبہ انتہائی غصے میں تھے اور بورڈ انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس زیادتی پر خاموش نہیں بیٹھیں گے اور احتجاجوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔