خیبرپختونخوا: مارکسی فلسفے پر آن لائن سکول کا انعقاد!

|رپورٹ: پروگریسو یوتھ الائنس، پشاور|

پروگریسو یوتھ الائنس پختونخوا کی طرف سے آن لائن مارکسی سکولز کے سلسلے کا آغاز کیا گیا ہے جس میں مارکسی فلسفے سے لیکر معیشت، سیاست اور تاریخ پر تفصیلی مباحثے ہوں گے۔ ان سکولوں کو منعقد کرنے کا مقصد آج کے عہد میں نوجوانوں، طلبہ اور سیاسی کارکنان کو انقلابی نظریات سے لیس کرتے ہوئے انہیں اس بحران زدہ سماج کی انقلابی تبدیلی کیلئے عملی جدوجہد کے اندر شامل کرنا ہے۔

اس سلسلے میں پہلا سکول 19 اپریل کو منعقد کیا گیا جس میں 50 سے زیادہ تعداد میں طلبہ اور نوجوانوں نے شرکت کی۔ 19 اپریل کے اس پہلے آن لائن سکول کا موضوع فریڈرک اینگلز کی کتاب ”لڈوگ فیورباخ اور جرمن کلاسیکی فلسفے کا خاتمہ“ تھا-

پروگریسو یوتھ الائنس کے کارکن ہلال نے چیئر کے فرائض سرانجام دیتے ہوئے پروگریسیو یوتھ الائنس کا تعارف کروایا اور سکول کے موضوع کا تعارف کرواتے ہوئے آفتاب کو تفصیلی گفتگو کی دعوت دی۔آفتاب نے فریڈرک اینگلز کی اس شاہکار کتاب پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے فلسفے کی تاریخ پر بات کی اور فلسفہ پڑھنے کا مقصد اور اسکی اہمیت کو واضح کیا۔ اور پھر فلسفے کی تاریخ اور فلسفیانہ رجحانات کے بیچ میں ایک مسلسل جدوجہد پر بات کی جو خاص طور پر فلسفے کے اندر موجود دو بڑے مخالف رجحانات خیال پرستی اور مادیت پسندی کے بیچ میں رہی ہے۔ آفتاب نے فلسفے کے تاریخی ارتقاء پر تفصیل سے بات کی جس میں خاص کر ہیگل،فیورباخ،کارل مارکس اور اینگلز کے کام پر بات کی تفصیل سے وضاحت کی جو کہ فلسفے کو ایک نئی معراج پر لیکر گئے اور ماضی میں فلسفے کو درپیش سوالات کو جدلیاتی مادیت کے فلسفیانہ طریقہ کار کے زریعے حل کیا۔ جدلیاتی مادیت مارکسزم کا فلسفہ ہے۔ جب ہم جدلیاتی مادیت کے فلسفیانہ طریقہ کار کے زریعے سماج کی تاریخ کی تشریح کرتے ہیں تو اس کو مارکسی فلسفیانہ اصطلاح میں تاریخی مادیت کہا جاتا ہے۔ یاد رہے کہ پروگریسیو یوتھ الائنس خیبر پختونخوا کے اس سلسلے میں اگلا آن لائن سکول 24 اپریل کو ”تاریخی مادیت“ کے موضوع پر ہی ہوگا۔

آفتاب کی تفصیلی گفتگو کے بعد شرکا کی جانب سے سوالات کئے گئے۔ ان سوالات کے اوپر بحث کو آگے بڑھایا گیا اور مختلف دوستوں نے مختلف پہلوؤں پر بات کی۔

آخر میں اس بحث کو سمیٹتے ہوئے آفتاب نے سوالات کا جواب دیا۔ اور ساتھ ہی یہ واضح کیا کہ مارکسی فلسفہ ایک وسیع موضوع ہے جس کو ایک سیشن کے اندر ختم نہیں کیا جا سکتا، آج کے سکول میں ایک کوشش کی گئی کہ بحث میں شامل دوست دلچسپی لے کر مارکسی فلسفے کو خود پڑھنے سمجھنے کی کوشش کریں اور عمل کے میدان میں شریکِ جدوجہد ہوں۔

نوجوانوں کو درست نظریات سے لیس کرنے کے اس سلسلے میں پروگریسو یوتھ الائنس اس پورے مہینے کیلئے ”تاریخی مادیت،سوشلزم؛ خیالی یا سائنسی، مارکسی معیشیت کا تعارف، بالشویزم کیا ہے اور پاکستان تناظر“ جیسے اہم موضوعات پر سکول منعقد کرے گا جس میں تمام ترقی پسند دوستوں اور طلبہ کی شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.