ڈیرہ غازی خان: پروگریسو یوتھ الائنس کے زیرِ اہتمام احتجاجی ریلی کا انعقاد

|رپورٹ: پروگریسو یوتھ الائنس، ڈیرہ غازی خان|

”سٹوڈنٹس ڈے آف ایکشن“ کے موقع پر ملک بھر کی طرح ڈیرہ غازی خان میں بھی مہنگی تعلیم، مہنگے علاج، بے روزگاری، غربت، طلبہ ہراسگی، طلبہ یونین پر پابندی اور دیگر مسائل کے خلاف ایک احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کا آغاز پریس کلب ڈی جی خان سے کیا گیا جس کا اختتام ٹریفک چوک پر ہوا۔ ریلی میں شرکاء نے ایچ ای سی کے بجٹ میں کٹوتی، طلبہ یونین پر پابندی، فیسوں میں اضافے، غربت، بے روزگاری اور مہنگے علاج کے خلاف بھرپور نعرے بازی کی۔ ریلی کے آخر میں پروگریسو یوتھ الائنس کے رہنماؤں نے ریلی سے خطاب کیا۔ پروگریسو یوتھ الائنس، ڈی جی خان کے آرگنائزر منصور ارحم نے حکمران طبقے کی جانب سے معاشی بحران کا بوجھ طلبہ پر ڈالنے کی شدید ترین مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ پچھلے عرصے میں فیسوں میں کیا جانے والا اضافہ واپس لیا جائے۔ منصور ارحم نے تعلیمی اداروں میں طلبہ کی سیاسی سرگرمیوں پر پابندی کو انسانی حقوق اور جمہوریت کے منافی قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ طلبہ یونین پر عائد پابندی کو فوری طور پر ہٹایا جائے اور طلبہ یونین بحال کی جائے۔

منصور ارحم کے بعد پروگریسو یوتھ الائنس، ڈیرہ غازی خان کے آرگنائزر آصف لاشاری نے ریلی کے شرکاء سے گفتگو کی اور کہا کہ ہم ایک طبقاتی سماج کے اندر رہتے ہیں جہاں مُٹھی بھر افراد سماج کی تمام تر دولت پر قابض ہیں اور انسانوں کی اکثریت غربت، بے روزگاری اور لاعلاجی کے اندر رہنے پر مجبور ہے۔ آج نوجوانوں کی اکثریت پر تعلیم کے دروازے مکمل طور پر بند کیے جا رہے ہیں۔ ان تمام مسائل کو حل کرنے کے لیے ہمیں طبقاتی نظام کا خاتمہ کرنا ہو گا اور ایک نئے سماج کو تعمیر کرنا ہو گا۔

اس کے بعد پروگریسو یوتھ الائنس، ڈیرہ غازی خان کے جنرل سیکرٹری، فیضان احمد نے طلبہ سے خطاب کیا اور تعلیمی اداروں میں ہراسمنٹ کے بڑھتے ہوئے واقعات کی مذمت کی اور ریلی کے شرکاء سے استدعا کی کہ وہ طالبہ کے مسائل حل کرانے میں پروگریسو یوتھ الائنس کا ساتھ دیں۔ پروگریسو یوتھ الائنس کے انفارمیشن سیکرٹری، شبیر احمد بزدار نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے تعلیم کی نجکاری کی شدید مذمت کی اور حکومت سے تعلیمی بجٹ میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ ریلی کے آخر میں پروگریسو یوتھ الائنس، غازی یونیورسٹی کے طالب علم راہنما فرحان احمد نے خطاب کیا۔ فرحان کا کہنا تھا کہ آج طلبہ کے پاس اپنے مسائل حل کرنے کے لیے جدوجہد کرنے کے سوا کوئی دوسرا راستہ موجود نہیں ہے۔ فرحان احمد نے طلبہ کو دعوت دی کہ وہ پروگریسو یوتھ الائنس میں شامل ہوں اور طلبہ کے مسائل کے حل کی جدوجہد کا حصہ بنیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.