|رپورٹ: PYAلاہور|
22اپریل کو پروگریسیو یوتھ الائنس(PYA) کے زیراہتمام لاہور میں یوتھ کنونشن کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس کنونشن کی تیاریوں کے سلسلے میں لاہور کے مختلف تعلیمی اداروں میں میٹنگز، سٹڈی سرکلز اور سیمینارز کا سلسلہ پہلے سے جاری تھا۔ مفت تعلیم، روزگار سب کے لئے، طلبہ یونین کی بحالی اور دیگر طلبہ مسائل کے حل کے لئے پروگریسو یوتھ الائنس پورے پاکستان میں طلبہ کو منظم کر رہا ہے۔ لیکن مردان یونیورسٹی میں ترقی پسند طالب علم مشعل خان کے بہیمانہ قتل کے خلاف اپنے احتجاجی سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے پروگریسیو یوتھ الائنس نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ اس کنونشن کو مشعل خان کی جدوجہد اور قربانی کو منسوب کیا جائے گا۔
پروگریسیو یوتھ الائنس یہ سمجھتا ہے کہ مشعل خان کا قتل ان کے نظریات اور تعلیم کے نام پر لوٹ کھسوٹ کے خلاف ان کی جدوجہد کی وجہ سے کیا گیا۔ مردان یونیورسٹی میں ایک لمبے وقت سے جاری اس لوٹ کھسوٹ کے خلاف مشعل اور ان کے ساتھیوں نے آواز اٹھائی اور اس کے خلاف وہ ایک تحریک منظم کر رہے تھے جس کی پاداش میں اس کرپشن اور لوٹ کھسوٹ سے وابستہ افراد نے طلبہ تحریک سے خوفزدہ ریاستی اداروں کا سہارا لے کر مشعل اور ان کے ساتھیوں کے خلاف بے بنیاد مذہبی تفرقہ بازی کا سلسلہ منظم کیا۔ جس کا نتیجہ بالآخر ریاست کے پالے ہوئے غنڈوں کے ہاتھوں مشعل کی شہادت کی صورت میں نکلا۔
مشعل کا جرم یہ تھا کہ وہ ناصرف سماجی و معاشی نابرابری کے خلاف آواز اٹھاتا تھا بلکہ طلبہ کے ساتھ روا رکھے جانے والے ظلم کو برداشت کرنے کو تیار نہ تھا۔ وہ سرمایہ دارانہ نظام پر مسلسل تنقید کرتا تھا اور سوشلزم کو ایک متبادل تصور کرتا تھا۔ پروگریسیو یوتھ الائنس بھی انہی مسائل کیخلاف اپنی جدوجہد کو منظم کر رہا ہے اور یہ سمجھتا ہے کہ مشعل کی راہ PYAکی راہ ہے اور مشعل کی جدوجہد PYAکی جدوجہد ہے۔ PYAمشعل خان کی جدوجہد کو درست سمجھنے والے تمام ترقی پسند طلبہ کو اس کنونشن میں شرکت کی دعوت دیتا ہے تاکہ اس جدوجہد کو طلبہ اور نوجوانوں کی وسیع تر پرتوں تک پھیلاتے ہوئے حتمی فتح کی جانب بڑھا جا سکے۔ کنونشن 22اپریل 2017 بروز ہفتہ الحمرا ہال نمبر 3 میں منعقد ہوگا۔
مشعل کی جنگ ہماری ہے!
جنگ ہماری جاری ہے!
2 Comments