مانسہرہ:ہزارہ یونیورسٹی میں آن لائن کلاسز کا اجراء،طلبہ کا احتجاج کرنے کا فیصلہ

|رپورٹ: پروگریسو یوتھ الائنس، کے پی کے|

Students of Hazara university mansehra decide to protest over the launch of online classes

فروری اور مارچ سے پوری دنیا کو کرونا وباء کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔اس وباء نے زندگی کے تمام شعبوں کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔مارچ میں حکومت کے طرف سے پاکستان میں تعلیمی سرگرمیاں معطل کر دی گئی تھیں۔

مگر کچھ ہی دنوں بعد تعلیمی اداروں اور ایچ ای سی کے طرف سے لوٹ مار کو جاری رکھنے کیلئے آن لائن کلاسز کا آغاز کیا گیا۔یکے بعد دیگر تعلیمی اداروں نے آن لائن کلاسز کے حوالے سے احکامات جاری کرنے شروع کر دیے۔

باقی تعلیمی اداروں کی طرح ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کی طرف سے بھی آنلائن کلاسز کا آغاز کیا گیا ہے جس کی وجہ سے طلبہ کو بیشتر مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور جس کے خلاف طلبہ میں غم و غصہ موجود ہے۔

ہم آن لائن کلاسز کے خلاف نہیں ہیں۔ہم سمجھتے ہیں کہ یہ جدید دنیا کی ضرورت ہے مگر آن لائن کلاسز کے لئے سہولیات کی فراہمی بھی ضروری ہے اور ریاست کی ذمہ داری ہے کہ طلبہ کو وہ تمام ضروری سہولیات مفت فراہم کرے جو آن لائن کلاسز کے لئے درکار ہیں۔ان سہولیات کے بغیر کسی بھی قسم کا آن لائن تعلیمی نظام ناکام ہے اور طلبہ کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کے مترادف ہے۔

ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ ایک دیہی علاقے میں واقع ہے جس میں زیر تعلیم طلبا و طالبات کی اکثریت کا تعلق دور دراز کے علاقوں سے ہے۔ان میں سے زیادہ تر علاقے ایسے ہیں جہاں پر آج بھی بجلی کی سہولت میسر نہیں۔انٹرنیٹ تو دور کی بات موبائل سگنلز کا بھی نام و نشان موجود نہیں ہے۔

ہزارہ یونیورسٹی میں زیر تعلیم طلبا و طالبات کی اکثریت کا تعلق غریب گھرانوں سے ہے جن کے پاس آج کے جدید دور میں بھی لیپ ٹاپ اور سمارٹ فونز نہیں ہیں۔اس صورتحال میں ہزارہ یونیورسٹی کی طرف سے آن لائن کلاسز کا نوٹیفیکیشن جاری کرنا سراسر ظلم اور زیادتی ہے اور محض طلبہ سے فیسیں بٹورنے کا بہانہ ہے۔

طلبہ کا مطالبہ ہے کہ ہزارہ یونیورسٹی تمام ضروری سہولیات کی فراہمی تک آن لائن کلاسز کو فوری طور پر معطل کرے اور ان کو گزشتہ سمیسٹر کے سی جی پی اے کی بنیاد پر پروموٹ کر ے۔ان کا کہنا ہے کہ اگر یونیورسٹی انتظامیہ ایسا نہیں کرتی تو ہم اگلے ایک ہفتے کے اندر انتظامیہ کے خلاف مہم کا آغاز کریں گے اور اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔

پروگریسو یوتھ الائنس ہزارہ یونیورسٹی کے طلبہ کے مطالبات کی حمایت کرتا ہے اور ان کے احتجاج میں بھرپور ساتھ دینے کا وعدہ کرتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.