کراچی: یونیورسٹی آف کراچی کے سامنے رجسٹریشن کیمپ کا انعقاد

|رپورٹ: پروگریسو یوتھ الائنس، کراچی|

مورخہ 12 نومبر 2019ء بروز منگل پروگریسو یوتھ الائنس کی جانب سے یونیورسٹی آف کراچی کے سامنے رجسٹریشن کیمپ لگایا گیا۔ کیمپ میں موجود ”پی وائے اے“ کے ممبران نے یونیورسٹی کے طلبہ میں لیفلیٹ تقسیم کئے اور ان کو رجسٹریشن کیمپ کی طرف مدعو کیا، جس کے بعد طلبہ نے یونیورسٹی کے اندر درپیش مسائل جن میں ٹرانسپورٹ، ہاسٹل، پینے کے صاف پانی اور فیسوں میں اضافہ وغیرہ شامل ہیں، کے انبار کا ذکر کیا۔ ان کا یہ کہنا تھا کہ اگر ہم کسی بھی مسئلہ پر آواز اٹھاتے ہیں تو ہمیں انتظامیہ کی طرف سے مختلف طریقوں سے ڈرایا دھمکایا جاتا ہے۔ ان تمام تر طلبہ کے حقیقی مسائل کو سننے کے بعد کیمپ میں موجود پی وائے اے کے ممبران نے طلبہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسائل نہ صرف یونیورسٹی آف کراچی میں موجود ہیں بلکہ پاکستان بھر کے تمام تعلیمی اداروں میں یہ مسائل موجود ہیں۔ لہٰذا ہم ان تمام تر مسائل کو حل کرنے کے لئے پاکستان بھر کے تمام طلبہ کو پروگریسو یوتھ الائنس کے پلیٹ فارم پر اکٹھا کر کے جدوجہد کرنے کے لئے پر عزم ہیں، کیونکہ یہ لڑائی صرف یونیورسٹی آف کراچی کے طلبہ کی نہیں بلکہ پاکستان بھر کے تمام تعلیمی اداروں میں موجود طلبہ کی لڑائی ہے۔ لہٰذا آپ بھی ہمارے ساتھ اس مشترکہ لڑائی میں حصہ لیں تاکہ ہم طلبہ کی قوت کے ذریعے اپنے حق کو چھین سکیں۔ جس کے بعد طلبہ نے جواب میں بھرپور ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی اور ساتھ ہی اپنی رجسٹریشن کروائی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.