خواتین کو جنسی طور پر ہراساں اور بلیک میل کرنے والے مجرموں کو سخت ترین سزا ملنی چاہیے!

|منجانب: پروگریسو یوتھ الائنس|

پروگریسو یوتھ الائنس ملک بھر میں طلبہ حقوق کے لیے سرگرم ہے اور طلبہ کے تمام حقیقی مسائل کو حل کرنے کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہی میں ایک اہم ترین مسئلہ طالبات کی جنسی ہراسگی اور بلیک میلنگ کا ایشو ہے جس کے خلاف پروگریسو یوتھ الائنس نے ہمیشہ سخت سے سخت ایکشن لینے کے لیے آواز اٹھائی ہے۔ جنسی ہراسگی کے مرتکب  افراد کیخلاف مختلف احتجاج کرنے کے علاوہ یہ الائنس اس پر واضح پروگرام بھی جاری کر چکا ہے اور اس پر ایک کیمپین کا آغاز بھی کچھ سال قبل کیا جا چکا ہے۔ یہ کیمپین آج بھی جاری ہے اور اس قسم کے سنگین جرائم میں ملوث افراد سے کسی بھی قسم کی رعایت نہ برتنے کے مطالبے پر عملدرآمد کی کوشش جاری ہے۔

ایسی غلیظ مجرمانہ حرکت میں اگر اس الائنس کا کوئی اپنا ممبر ملوث ہو تو اس کیخلاف بھی سخت سے سخت کاروائی کو یقینی بنایا جاتا ہے تاکہ ایسے مجرموں کو قرار واقعی سزا ملے۔  اس کے علاوہ اپنی صفوں میں ایسے مجرمانہ رجحانات کی موجودگی کا مکمل صفایا کیا جا سکے اور سماج میں ان تمام مسائل کے خاتمے کی جدوجہد کو جاری رکھا جائے۔

چند روز قبل لاہور میں الائنس کے ایک ممبر خبیب احمد، جو کہ پنجاب یونیورسٹی شعبہ سوشیالوجی کا طالبعلم ہے، کیخلاف ایک ایسا مقدمہ سامنے آیا ہے جس پر اسے ایف آئی اے نے متاثرہ خاتون کی شکایت پر گرفتار بھی کر لیا ہے۔ الائنس نے نا صرف ایسے گھناؤنے عمل میں ملوث  اس شخص کیخلاف تنظیمی طور پر تادیبی کاروائی کرتے ہوئے اس کی تنظیمی رکنیت منسوخ کردی ہے بلکہ متاثرہ خاندان کو بھی مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے۔ صورتحال مزید واضح ہونے پر الائنس اس حوالے سے اپنا موقف واضح کرے گا۔

آئندہ بھی الائنس ایسے مجرموں کیخلاف اپنی لڑائی جاری رکھے گا اور سماج میں ایسے رجحانات اور ان کی بنیادوں کو ختم کرنے کی جدوجہد کو جاری رکھے گا جن سے خواتین کو اپنی ہوس اور ظلم وجبر کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.