|رپورٹ: عبیدذوالفقار|
پروگریسیو یوتھ الائنس(PYA) کے زیر اہتمام مورخہ 8 جنوری بروز اتواربمقام کورنگی روڈ کشمیر کالونی میں ایک روزہ رجسٹریشن کیمپ لگایا گیا۔ کیمپ کا آغاز صبح 10 بجے کیا گیا اور رات 9 بجے تک جاری رہا۔ کیمپ میں سارا دن علاقے کے نوجوانوں اور طالب علموں کی شرکت کا سلسلہ جاری رہا۔ قریباً 200 لوگوں نے کیمپ کا وزٹ کیا جن میں 81 نے رجسٹریشن کروائی۔ کیمپ کے حوالے سے لوگوں کا تاثر نہایت خوشگوار تھا۔
بابر مسیح نے کیمپ کا وزٹ کیا اور اپنے تاثرات کا اظہار ان الفاظ میں کیا۔ ’’ میں نے مختلف سیاسی پارٹیوں کے پروگراموں میں شرکت کی ہے مگر سب اپنے لیڈر کی نعرے بازی کرتے ہیں جب کہ ہمارے مسائل روزگار، تعلیم اور علاج کے متعلق کوئی بات نہیں کی جاتی، بابر کا کہنا تھا کہ آپ کے کیمپ میں پہلی بار ہمارے مسائل پر بات کی گئی ہے‘‘۔ آصف، جو میٹرک کے طالب علم ہیں، کا کہنا تھا کہ ’’ آپ کے کیمپ میں آکر میں اپنے آپ کو طاقتور محسوس کر رہا ہوں آپ کی باتیں سن کر مجھے حوصلہ ملا ہے جبکہ باقی تمام لوگ ہماری حوصلہ شکنی کرتے ہیں۔ ‘‘ کیمپ میں خصوصی طور پر ایک اسٹال بھی لگایا گیا تھا جس میں پروگریسیویوتھ الائنس کراچی کی جانب سے شائع کیا گیا لیف لیٹ ،عالمی اور ملکی صورت حال پر میگزین اور کتابچے رکھے گئے تھے جنہیں لوگوں نے بہت سراہا۔ ڈاکٹراحسان نے اسٹال سے میگزین اور کتابچے خریدے اور کہا کہ ’’ میرے لیے یہ حیرت انگیز ہے کہ اس علاقے میں ایسے سیاسی کارکن موجود ہیں جو مسائل کو سائنسی اور عالمی تناظر میں دیکھتے ہیں۔
پروگریسیو یوتھ الائنس کی جانب سے کیمپ میں خصوصی طور پر انقلابی گیت اور نظمیں سنانے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جن کی گونج ماحول میں انقلابی سماں پیدا کرنے کا موجب بن رہی تھی اور سڑک سے گزرنے والے بچے بے ساختہ ناچ کر اپنی خوشی کا اظہار کرتے۔کیمپ میں ملیر، گلشن حدید، ناظم آباد، ماروی گوٹھ، قائد آباد اور حب چوکی سے بھی پروگریسیو یوتھ الائنس کے کارکنوں نے شرکت کی۔اس مو قع پر پرو گریسیو یوتھ الائنس کی طرف سے شہر کے دیگر علاقوں اور تعلیمی اداروں میں بھی رجسٹریشن کیمپ اور انقلابی سرگرمیاں جاری رکھنے کا عزم کیا گیا۔