| رپورٹ: PYA لاہور |
مورخہ 2 جنوری بروز ہفتہ، شام 7 بجے پروگریسو یوتھ الائنس (سنٹر فلیٹس یونٹ) کی جانب سے محفل موسیقی کااہتمام کیا گیا جس میں لاہور کے مختلف تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم اور ’سنٹر فلیٹس ‘میں رہائش پذیر گلگت بلتستان، بلوچستان، خیبرپختون خواہ اور پنجاب کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے تقریباًتین سو طلبہ نے شرکت کی۔ مختلف طلبہ تنظیموں کے علاوہ انجمن ترقی پسند مصنفین اور دیگر ترقی پسند تنظیموں کے نمائندگان نے بھی محفل میں خصوصی شرکت کی۔ طبقاتی جدوجہد کے سٹال پر رکھے مارکسسٹ لٹریچر میں نوجوانوں نے خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔
موسیقاروں میں کلاسیکل میوزک پر دسترس رکھنے والے استاد ناصر خاں اور 17 آلات موسیقی پر مہارت رکھنے والے نوجوان فنکار نیاز ہنزائی شامل تھے۔ اس موقع پر استاد ناصر خان نے انقلابی نظمیں گا کر سنائیں اور نیاز ہنزائی مختلف علاقائی دھنیں بجائیں جن پر نوجوان والہانہ رقص کرتے رہے۔ تقریب کے آخر میں PYA سنٹرفلیٹس یونٹ کے آرگنائزر اعجازایوب نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے PYA کے اغراض ومقاصد بیان کئے اور کہا کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ کے مسائل بالخصوص فیسوں میں مسلسل اضافے، ہاسٹلز اور ٹرانسپورٹ کی قلت، انتظامیہ کی بے جا دھونس، ثقافتی گھٹن اور بیروزگاری کے خلاف ملک بھر میں PYA نوجوانوں اور طلبہ کو منظم کر رہا ہے اور ہمیں ان مسائل کے حتمی حل کے لئے سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف سوشلسٹ انقلاب کی لڑائی تیز کرنا ہو گی۔ تمام شرکا نے کٹھن معاشی و سماجی حالات میں محفل موسیقی کے انعقاد کرنے پر PYA کی کاوشوں کو سراہا۔ PYA پنجاب یونیورسٹی کے آگنائزر میثم عباس نے کہا کہ سرمایہ دارنہ نظام اپنی زوال پذیری کا اظہار نہ صرف معاشی اور سیاسی طور پر کر رہا ہے بلکہ سماج، ثقافت اور ادب پر بھی گھناؤنے اثرات مرتب کر رہا ہے۔ ان حالات میں PYA کی جانب سے نوجوانوں کے اندر مثبت اور ترقی پسند سوچ کو اجاگر کرنے کے لئے اس طرح کی ثقافتی اور ادبی محافل منعقد کی جاتی رہیں گی۔