کشمور: 6 نومبر کو ”ہلہ بول“ سٹی کنونشن کے انعقاد کا اعلان!

|رپورٹ: پروگریسو یوتھ الائنس، سندھ|

پروگریسو یوتھ الائنس کشمور کی جانب سے 10 دسمبر 2022 ء کو ملتان میں ہونے والے مرکزی کنونشن کے تسلسل میں 6 نومبر 2022 ء کو تنگوانی ہائی اسکول ضلع کشمور میں ”ہلہ بول“ سٹی کنونشن کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ یہ کنونشن ایک ایسے وقت میں منعقد کیا جارہا ہے جب نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی طور سرمایہ دارانہ نظام اپنی آخری سانسیں لے رہا ہے۔ ایسے میں حکمران طبقہ اپنی عیاشیوں کو برقرار رکھنے کیلئے آپس میں دست و گریباں ہیں اور عوام کے خون کا آخری قطرہ تک نچوڑنا چاہتے ہیں۔ جبکہ عوام بالخصوص نوجوان اس تمام تر جبر کا جواب دیتے ہوئے بغاوت، مزاحمت اور جدوجہد کا علم بلند کرتے ہوئے سیاست کے منظر نامے پر نمودار ہوئے ہیں۔ لبنان سے لے کر ایران اور یورپ سے افغانستان تک شاید ہی کوئی ایسا ملک ہو جہاں پچھلے ایک دہائی ہے کوئی عوامی تحریک نمودار نہ ہوئی ہو۔

پاکستان میں مال کی بندر بانٹ پر حکمران طبقے کے مختلف دھڑوں کے درمیان شدید لڑائی ہے مگر عوام دشمنی میں پورا حکمران طبقہ ایک پیج پر نظر آتا ہے لہذا نوجوان اور محنت کشوں کو ان پر بالکل بھی اعتبار نہیں ہے۔ ملکی معیشت کی صورتِ حال پہلے ہی دگرگوں تھی اور سیلاب کی تباہ کاریوں نے اس کی زبوں حالی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ انہی حالات کے سبب بیروزگاری، مہنگی تعلیم اور دیگر بہت سے مسائل شدت اختیار کرتے جارہے ہیں جبکہ حکمرانوں کو ان سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ لہذا آنے والے وقت میں پاکستان میں بھی ایک ملک گیر تحریک کے امکانات موجود ہیں۔ ان تمام تر مسائل و صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے پروگریسو یوتھ الائنس ملک بھر کے طلبہ اور نوجوانوں کو، نسلی، مذہبی، قومی اور دیگر تمام تر تعصبات سے بالاتر ہوکر منظم کررہا ہے۔

ہم سمجھتے ہیں کہ آنے والے وقت میں کوئی بھی تحریک نظریات کے بغیر ایک بے روح جسم کی مانند ہوگی۔ مارکسی نظریات وہ واحد نظریات ہیں جن کی بنا پر جدوجہد کو منظم کرتے ہوئے سرمایہ دارانہ نظام اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے تمام مسائل کو ختم کیا جاسکتا ہے اور ایک غیر طبقاتی سماج کا قیام ممکن ہے۔سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف اس جدوجہد کو آگے بڑھانے کیلئے پروگریسو یوتھ الائنس کشمور نوجوانوں اور طلبہ کو درپیش مسائل جیسے مہنگی تعلیم، جنسی ہراسانی، قومی جبر، طبقاتی استحصال، جبری گمشدگی، کشمور میں جاری بدامنی اور کاروکاری جیسی عورت دشمن رسومات کیخلاف اور طلبہ یونین کی بحالی کیلئے کنونشن کا انعقاد کررہا ہے۔ جس میں تمام ترقی پسند سیاسی و سماجی کارکنان، طلبہ، مزدور اور کسانوں کو شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.