کشمیر: پونچھ یونیورسٹی سٹی کیمپس راولاکوٹ کے طلبہ کا مقامی غنڈہ گرد گروہ کے خلاف بھرپور احتجاج

|رپورٹ: پروگریسو یوتھ الائنس، کشمیر|

پونچھ یونیورسٹی سٹی کیمپس راولاکوٹ میں طلبہ کی طرف سے شدید سردی اور بارش کے موسم میں کلاسز کا مکمل بائیکاٹ کر کے منگ روڈ پر 14نومبر 2018ء بروز بدھ احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔مظاہرے کی بنیادی وجہ یونیورسٹی کے قریب بسنے والے مقامی غنڈہ گرد گروہ کا یونیورسٹی کے طلبہ پر حملہ تھاجس میں متعدد طلبہ شدید زخمی ہوئے ۔طلبہ کا کہنا تھا کہ اس گروہ کی طرف سے طالبات کو آئے روز حراساں کیا جاتا ہے جن کے خلاف طلبہ نے درخواست بھی دی مگر یونیورسٹی اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے اس پر کوئی عملدرآمد نہیں ہوا اور مجبوراً طلبہ نے خود سے اُس گروہ کو ان حرکتوں سے باز رہنے کو کہا جس پر یہ تصادم ہوا۔

طلبہ کا کہنا تھا کہ گروہ کا تعلق ضلعی انتظامیہ کے سیاسی حلقے سے ہے اور وہ اپنا سیاسی اثر ورسوخ استعمال کر رہا ہے۔ جس پر یونیورسٹی اور ضلعی انتظامیہ خاموش ہے اور اُن کے خلاف کو ئی کاروائی نہیں کر رہی۔مزید برآں یونیورسٹی میں سیکورٹی کے انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے اس طرح کے جھگڑے روز کا معمول بن چکے ہیں۔لاکھوں روپے فیس دینے کے باوجود ہم محفوظ نہیں ہیں۔جس کیمپس میں ہم پڑھ رہے ہیں وہ پرائیویٹ بلڈنگ ہے جہاں باقاعدہ کوئی کیمپس موجود نہیں ہے۔ کلاس رومز میں کرسیاں نہیں ہیں جس کی وجہ سے کھڑے ہو کر ہمیں لیکچرز سننے پڑتے ہیں۔
طلبہ نے یونیورسٹی میں طلبہ کا کوئی سیاسی پلیٹ فارم نہ ہونے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ یونین کی بحالی وقت کی اشد ضرورت ہے جو طلبہ کے ان تمام مسائل کا احاطہ کرے ۔طلبہ کے مطالبات تھے کے یونیورسٹی میں سیکورٹی کے بھرپور انتظامات کیے جائیں،ملزمان کے خلافATAکا پرچہ کٹوانے میں یونیورسٹی انتظامیہ بھرپور تعاون کرے ،کیمپس کے احاطہ کو سرحدبندی کے ساتھ دیوار یا رکاوٹ لگا کر یونیورسٹی کا احاطہ واضح کرے اور یونیورسٹی کیفے ٹیریا کے اندر غیر متعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع قرار دے۔
طلبہ کا کہنا تھا کہ اُن کے جائز مطالبات پورے نہ کیے گئے تو وہ احتجاج کو دیگر کیمپسز میں لے کر جائیں گے اور غیر معینہ مدت تک کلاسز کا بائیکاٹ کریں گے اورطلبہ کی احتجاجی ریلی بھی نکالیں گے اور مطالبا ت کے منظور ہونے تک احتجاج جاری رکھیں گے ۔پروگریسو یوتھ الائنس کے نمائندوں نے طلبہ کے تمام مطالبات کی مکمل حمایت کی اور آخرتک ساتھ رہنے کا یقین دلایا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.