راولاکوٹ: پونچھ یونیورسٹی کے طلبہ کا فیسوں میں اضافے کیخلاف احتجاج

|رپورٹ: پروگریسو یوتھ الائنس، راولاکوٹ|

پونچھ یونیورسٹی کے طلبہ فیسوں میں ہوشربا اضافے کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ آج صبح یونیورسٹی طلبہ کی جانب سے کچہری چوک میں فیسوں میں اضافے کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے میں طلبہ نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی۔ احتجاج کی کال یونیورسٹی طلبہ کی جانب سے دی گئی تھی اور یونیورسٹی طلبہ ہی اس احتجاج کو منظم کر رہے تھے۔

مظاہرے کے دوران طلبہ نے فیسوں میں اس اچانک ہونے والے اضافے کے خلاف دھواں دار تقریریں کیں اور اس اضافے کو واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔ احتجاجی طلبہ کا کہنا تھا کہ ایک طرف تو یونیورسٹی میں سہولیات کا شدید فقدان ہے تو دوسری طرف فیسوں میں بے تحاشا اضافہ کر دیا گیا جو کہ سراسر زیادتی ہے۔ فیسوں میں تین سے چار گنا تک اضافہ سینکڑوں طلبہ سے تعلیم کا حق چھین لے گا۔ نجی عمارتیں کرائے پر حاصل کے کے کیمپس کھولے گئے ہیں۔ ہاسٹلز اور ٹرانسپورٹ کا بھی فقدان ہے۔ طلبہ نے کہا کہ اگر 27 جولائی تک فیسوں میں یہ اضافہ واپس نہ لیا گیا تو وہ کلاسز کا بائیکاٹ کریں گے اور تحریک چلائیں گے۔

پروگریسو یوتھ لائنس کے کارکنان نے اس مظاہرے میں بھرپور طریقے سے مداخلت کی اور پی وائے اے کا لیف لیٹ بھی تقسیم کیا۔ مفت تعلیم پی وائے اے کے بنیادی مطالبات میں سے ایک ہے جس کی بنا پر اس لیف لیٹ کو بہت پسند کیا گیا۔ احتجاج منظم کرنے والے طلبہ نے مشترکہ طور پر اس لڑائی کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا جبکہ آج شام کو احتجاجی طلبہ کے ساتھ ایک میٹنگ بھی کی جائے گی جس میں آگے کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ پروگریسو یوتھ الائنس پونچھ یونیورسٹی کے طلبہ کے مطالبات کی حمایت کرتا ہے اور اس لڑائی میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہوگا۔ 

پروگریسو یوتھ الائنس پورے پاکستان میں مفت تعلیم، روزگار کے حصول اور طلبہ یونین کی بحالی کی جدوجہد اور طلبہ کو منظم کررہا ہے۔ طلبہ کو سمجھنا ہوگا کہ آج طلبہ کو درپیش فیسوں میں اضافے سے لے کر بیروزگاری جیسے بے تحاشا مسائل درست پروگرام، طریقہ کار اور لائحہ عمل مرتب کر کے ہی حل کیے جاسکتے ہیں اور پی وائے اے کا پروگرام ان سارے مطالبات کا نہ صرف احاطہ کرتا ہے بلکہ درست لائحہ عمل بھی مہیا کرتا ہے۔

One Comment

  1. Pingback: Progressive Youth Alliance – راولاکوٹ: سٹوڈنٹ ایکشن کمیٹی پونچھ یونیورسٹی کے ساتھ ایک نشست

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.