|رپورٹ: صوبائی پریس سیکرٹری پی وائی اے بلوچستان|
پروگریسیو یوتھ الائنس پولی ٹیکنیک کالج یونٹ کا اجلاس زیر صدارت ڈپٹی آرگنائزر قادر بلوچ منعقد ہوا۔ اجلاس میں آرگنائزنگ باڈی کے ممبران کے علاوہ دیگر طلبہ نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی آرگنائزر ولی خان، خالد مندوخیل، عابد بلوچ اور شمروز خان نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اجلاس میں ایجنڈے کا صرف ایک ہی نقطہ تھا جو کہ تین اکتوبر کے کنونشن کے حوالے سے تھا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی آرگنائزر قادر بلوچ نے کہا کہ پروگریسو یوتھ الائنس کا تین اکتوبر کو ہونے والا کنونشن طلبہ کی حقیقی سیاست میں ایک فیصلہ کن کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کالج کے اندر پروگریسیو یوتھ الائنس طلبہ اور نوجوانوں میں مقبول ہو رہی ہے جس کے نظریات اور پروگرام کے ساتھ طلبہ کی کثیر تعداد متفق ہورہی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے یونٹ کی سطح پر صوبائی کنونشن کی تیاریوں کے حوالے سے کہا کہ ہم نے جو اہداف لیے تھے ان کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے آرگنائزنگ باڈی کے ممبرز اور دیگر ارکان انتھک جدوجہد کر رہے ہیں۔ اجلاس میں پوسٹر لگانے، لیف لیٹ تقسیم کرنے اور فنانس کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پروگریسو یوتھ الائنس بلوچستان کے صوبائی آرگنائزر ولی خان نے یونٹ کی آرگنائزنگ باڈی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پروگریسیو یوتھ الائنس نہ صرف طلبہ کے بُنیادی حقوق اور مطالبات کی حقیقی ترجمانی کرے گی بلکہ طلبہ اور نوجوانوں کی سیاسی اور نظریاتی تربیت کرتے ہوئے سماج میں تعمیری کردار ادا کرنے کے لئے ہراول دستے کے طور پر تیار کرنے میں پل کا کردار ادا کرے گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عابد بلوچ اور خالد مندوخیل نے کہا کہ پروگریسیو یوتھ الائنس بلوچستان کے صوبائی کنونشن کا انعقاد ایک ایسی حالت میں ہو رہا ہے جب طلبہ اور نوجوانوں کے پاس کوئی نمائندہ پلیٹ فارم نہیں ہے جہاں پر وہ اپنے حقوق اور مطالبات کیلئے ایک منظم جدوجہد کریں۔ پروگریسیو یوتھ الائنس طلبہ اور نوجوانوں کو وہ پلیٹ فارم فراہم کررہی ہے جس میں ہر قسم کے تعصب سے پاک صرف طلبہ کی حقیقی سیاست ہوگی۔ اجلاس کے آخر میں آرگنائزنگ باڈی کے ممبرز اور دیگر شریک تمام طلبا نے پروگریسیو یوتھ الائنس کے صوبائی کنونشن کو کامیاب بنانے کے لیے تمام تر کاوشوں کو بروئے کار لانے کا عہد کیا۔