|رپورٹ: پروگریسو یوتھ الائنس، کراچی|
کرونا وائرس کے باعث ملک کے تمام تعلیمی ادارے غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔ البتہ یونیورسٹیوں نے آئن لائن کلاسز کا آغاز کر کے طالب علموں کے ساتھ ایک مزاق کیا ہے۔ پاکستان جیسے پسماندہ ملک میں بڑی تعداد میں ایسے علاقے اور طالب علم ہیں جہاں انٹرنیٹ، سمارٹ فون اور لیپ ٹاپ کی سہولت دستیاب نہیں ہے۔ لوڈ شیڈنگ ایک الگ مسئلہ ہے۔ طلبہ اور اساتذہ کی ڈیجیٹل ایجوکیشن میں کوئی ٹریننگ نہ ہونے کی وجہ سے نہ اساتذہ پڑھا پاتے ہیں اور نہ طلبہ کو لیکچر سمجھ آتے ہیں۔
اسی اثناء میں کراچی کے نجی ادارے انڈس یونیورسٹی نے بھی آن لائن کلاسز کے نام پر ایک مزاق شروع کر دیا ہے۔ سمیسٹر ہونے کے ایک ہفتے بعد ہی سندھ حکومت کی جانب سے تمام تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے تھے۔ اسکے فوراً بعد انڈس یونیورسٹی نے آن لائن کلاسز کا آغاز کر دیا۔
انڈس یونیورسٹی کے طالب علموں نے آن لائن کلاسز لینے سے انکار کر دیا، جس پر یونیورسٹی انتظامیہ نے طلبہ کو یقین دلایاکہ ان سے سمیسٹر کی صرف 25 فیصد فیس لی جائے گی اور کسی قسم کے مڈ ٹرم امتحانات بھی نہیں لیے جائینگے۔ لیکن یونیورسٹی انتظامیہ نے دھوکہ دہی سے کام لیتے ہوئے 25 فیصد کی جگہ 50 فیصد فیس کا چالان دیا اور یہ بھی کہا کہ 4 مئی سے پہلے فیس نہ دینے کی صورت میں مڈ ٹرم امتحان میں بھی نہیں بیٹھنے دیا جائے گا جس کی صورت میں پورا سمیسٹر ضائع ہو جائے گا۔
یونیورسٹی کا مزید کہنا ہے کہ جو فیس نہیں دے سکتا وہ طالب علم اپنا سمیسٹر فریز کروا سکتا ہے لیکن یہ بھی طلبہ کو لوٹنے کا طریقہ ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ سمیسٹر فریز کروانے کی صورت میں جب سمیسٹر شروع کیا جائے گا تو اس سمیسٹر اور اگلے سمیسٹر کی فیس ایک ساتھ ادا کرنا ہوگی جس کی وجہ سے طلبہ سمیسٹر فریز بھی نہیں کر سکتے۔ لاک ڈاؤن کے باعث والدین کے کاروبار تباہ ہو چکے ہیں اور نوکریاں ختم ہو چکی ہیں۔ حکومت نے بحران کا سارا نزلہ محنت کش عوام پر ڈال دیا یے۔ ایسے میں گھر کا خرچہ بہت مشکل سے چل رہا ہے لیکن تعلیمی ادارے پیسے بنانے والے کارخانوں کی طرح فیسوں کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
ہم مطالبہ کرتے ہیں لاک ڈاون کے دوران آن لائن کلاسز تب تک منسوخ کی جائیں جب تک تمام تر سہولیات طلبہ اور اساتذہ تک پہنچا نہیں دی جاتیں اور جاری سمیسٹر کی فیس فورا ختم کی جائے۔
پروگریسو یوتھ الائنس، انڈس یونیورسٹی کی جانب سے طلبہ دشمن اقدامات کی شدید مذمت کرتا ہے اور طلبہ کے تمام مطالبات کی حمایت کرتا ہے۔ ہم یہ یقین دلاتے ہیں کہ ہم انڈس یونیورسٹی کے طلبہ کی جدوجہد میں انکے شانہ نشانہ کھڑے رہیں گے۔