لورالائی: بلوچستان میں ایگریکلچر گریجویٹ طلبہ کی ینگ ایگریرین یونین کی تشکیل!

|رپورٹ: پروگریسو یوتھ الائنس، بلوچستان|

عالمی سرمایہ دارانہ نظام تمام تر پیداواری قوتوں کو ترقی دینے کی بجائے ہر سطح پر اور ہر شعبے میں ناکامی اور عوام کو بے روزگاری کی صورت میں معاشی جبر تلے محصور کرنے کی طرف بڑھ رہا ہے۔ دیگر تمام شعبوں کی طرح پاکستان میں زراعت کا شعبہ جو ملک کے جی ڈی پی میں تقریباً18 سے 19 فیصد حصہ ڈالتا ہے۔ لیکن انتہائی اہمیت کا حامل یہ شعبہ بھی پسماندہ انفراسٹرکچر کی وجہ سے زوال پذیری کا شکار ہے۔ پاکستان میں تعلیمی اداروں سے سالانہ ہزاروں ایگریکلچر کے طلبہ گریجویٹ ہونے کے بعد روشن مستقبل کے خواب آنکھوں میں لیے جب باہر آتے ہیں تو انھیں بے روزگاری اور مہنگائی کا منہ دیکھنا پڑتا ہے اور ڈگری ہاتھ میں لئے در بدر کی ٹھوکریں کھانی پڑتی ہیں۔ دوسری طرف حکومت انہیں روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے کوئی سنجیدہ اقدامات کرتی نظر نہیں آتی ہے۔

کورونا وباء نے جہاں اس نظام کے خصی پن کو عیاں کیا ہے وہیں بے روزگاری، لاعلاجی اور مہنگائی نے عوام اور نوجوانوں کی بے چینی میں مزید اضافہ کر دیا ہے اور آئے روز ہمیں بے روزگاری کے حوالے سے مختلف تحریکیں نظر آتی ہیں۔

بلوچستان میں بھی ایگریکلچر جیسے اہم شعبے کے گریجویٹ طلباء نے اپنے حقوق کی جنگ لڑنے اور حکومت سے اپنے مطالبات کے حق میں ینگ ایگریرین یونین کی تشکیل کا آغاز کر دیا ہے۔ اس مقصد کے لیے طلباء نے میٹنگ بھی منعقد کی اور اپنے مطالبات کا تعین کیا، جن میں سر فہرست حکومت کی جانب سے روزگار مہیا کرنے اور آسامیوں کا اعلان کرنے کے ساتھ ساتھ طلبہ کو پرائیویٹ سیکٹرز اور مختلف پیسٹیسائڈ کمپنیوں میں بھی مواقع فراہم کرنے کے مطالبات شامل ہیں۔ یونین سازی کی میٹنگ میں طلباء کو مختلف ذمہ داریاں دی گئیں جو آگے جا کر کالجوں اور یونیورسٹیوں میں طلبہ تک اپنی جدوجہد کا پیغام پہنچانے اور ان کی جڑت میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک آرگنائزنگ کمیٹی بنائی گئی جو کہ صوبے کے ایگریکلچر گریجویٹ طلبہ کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے اور عملی جدوجہد کی طرف بڑھنے کے لئے جلد ہی کوئٹہ میں ان کی مشترکہ میٹنگ کرنے کی طرف جائے گی۔

پروگریسو یوتھ الائنس نے اس یونین کی تشکیل میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے ایگریکلچر یونین کے ان مطالبات کی مکمل حمایت کی اور یونین کے آئندہ کے لائحہ عمل میں صوبے کے دیگر اضلاع کے ایگریکلچر کے طلبہ کو ساتھ جوڑنے اور عملی جدوجہد کی طرف قدم بڑھاتے ہوئے یونین کے ساتھ فرنٹ لائن پر لڑنے کا اعادہ کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.