|رپورٹ: پی وائے اے، لاہور|
یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے طلبہ کی فیسوں میں 100 فیصد سے زائد اضافے کا اعلان کیا ہے جس کا اطلاق آئندہ ماہ سے کر دیا جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق ایڈمیشن فیس 1000 سے بڑھا کر 2000 کر دی گئی ہے، رجسٹریشن فیس 500 سے بڑھا کر 1000، ڈگری ویری فیکیشن فیس 1000 سے بڑھا کر 2000 روپے مقرر کی گئی ہے۔
اب طلبہ کو اپنا ای میل ایڈریس رجسٹر کروانے کے لئے 200 روپے ادا کرنا ہوں گے جبکہ مفت بننے والے سٹوڈنٹ کارڈ پر بھی 500 روپے فیس مقرر کر دی گئی ہے۔یونیورسٹی میگزین کی فیس 37 سے بڑھا کر 150 روپے اور میڈیکل فیس 125 سے بڑھا کر 500 روپے ہوگی۔یونیورسٹی نے فی سمسٹر ٹیوشن فیس 30 ہزار روپے سے بڑھا کر 36 ہزار روپے کر دی ہے۔
بی ایس سی انجینئرنگ کے طلبہ کی لیبارٹری فیس 600 سے 1200 روپے، سپورٹس فیس 300 سے 600، انٹرنیٹ فیس 900 سے بڑھا کر 1800 روپے کی گئی ہے اور ہاسٹلوں میں رہائش پذیر طلبہ کے لئے بھی 1500 روپے ٹرانسپورٹ فیس مقرر کی گئی ہے۔زیرِ تعلیم طلبہ کو ٹینس اور سکاش کورٹ میں کھیلنے کے لئے اب 900 کے بجائے 6000 روپے دینا ہوں گے۔
یو ای ٹی میں سمیسٹر امتحانات کی فیس میں بھی 100 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سمیسٹر سبجیکٹ رجسٹریشن فیس 200 فی گھنٹہ کریڈٹ آورز سے بڑھا کر 2000 روپے فی گھنٹہ کریڈٹ آورز کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ہاسٹل کے کیوبیکل روم کا کرایہ 900 سے بڑھا کر 2000 روپے، ڈارمیٹری کا کرایہ 600 سے 1000، ہاسٹل روم میں پنکھے کا کرایہ 200 روپے مقرر کیا گیا ہے اور اب سمر سمسٹر میں مفت ہاسٹل کی فراہمی ختم کرکے 6000 روپے فیس لاگو کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ تمام سکالرشپس کا بھی خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ نئی فیسوں کا اطلاق یو ای ٹی مین کیمپس کے علاوہ کالا شاہ کاکو کیمپس، رچنا کیمپس اور نارووال کیمپس میں بھی ہوگا۔
پروگریسو یوتھ الائنس اس جابرانہ اقدام کی پر زور مذمت کرتی ہے۔ یہ حکومت محنت کشوں کے بچوں سے تعلیم کے بچے کھچے مواقع بھی چھیننے کے درپے ہے اور آئے روز نوجوانوں کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں طلبہ کو ایک پلیٹ فارم پر منظم ہو کر طلبہ یونین کی بحالی کی جدوجہد کرنا ہوگی تاکہ اداروں کے اندر فیصلہ سازی میں طلبہ کے منتخب شدہ نمائندے شریک ہوں اور ان طلبہ دشمن اقدامات کو رد کر سکیں۔ پروگریسو یوتھ الائنس یہ لڑائی طلبہ کے ساتھ مل کر لڑے گی اور تمام اداروں میں طلبہ کے حقوق کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی۔
ایک کا دکھ، سب کا دکھ!
مفت تعلیم ہمارا حق ہے، خیرات نہیں!
Pingback: Progressive Youth Alliance – لاہور: یو ای ٹی، فیسوں میں اضافے کے خلاف بات کرنے پر طلبہ کو یونیورسٹی سے نکال دیا گیا
Pingback: Progressive Youth Alliance – لاہور: یو ای ٹی، فیسوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کرنے پر طلبہ کو یونیورسٹی سے نکال دیا گیا