اسلام آباد: حشمت میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج انتظامیہ کے فراڈ کیخلاف طلبہ سراپا احتجاج

|رپورٹ: پروگریسیو یوتھ الائنس، اسلام آباد| 

گذشتہ روز اسلام آباد پریس کلب کے سامنے حشمت میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج جلالپور جٹاں (گجرات) کے سال اول کے طلبہ نے احتجاج کیا۔ سال 17-2016ء میں ایم بی بی ایس کے لیے 100 طلبہ کو داخلہ دیا گیا اور لاکھوں روپے فیس اور ڈونیشن کی مد میں بٹورے گئے اور اب پہلا سال پورا ہونے کے بعد امتحان کے وقت پی ایم ڈی سی سے رجسٹر کروانے سے انکار کر دیا۔ کالج انتظامیہ اور پی ایم ڈی سی نے ملی بھگت سے 100 طلبہ سے نا صرف لاکھوں روپے بٹورے بلکہ طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگا دیا اور طلبہ کے والدین کی جمع پونجی کو ہڑپ کر لیا جس کی وجہ سے طلبہ آج کمرۂ امتحان کی بجائے احتجاج کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ طلبہ نے چیف جسٹس ثاقب نثار سے بھی نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔ طلبہ کو کچھ ماہ پہلے کالج انتظامیہ کی طرف سے دھمکیوں اور جسمانی تشدد کا بھی سامنا کرنا پڑا اور ابھی تک طلبہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔ 

یاد رہے کہ یہ میڈیکل کے طلبہ کا کوئی پہلا احتجاج نہی ہے بلکہ ملک کے دیگر علاقوں میں میڈیکل کے طلبہ پچھلے کہیں مہینوں سے ایسے ہی مسائل پر لڑائی لڑ رہے ہیں۔ جس میں بولان میڈیکل کالج بلوچستان کے طلبہ کی 25 دن تک لڑائی لڑی اور ڈی جی خان میں میڈیکل کے طلبہ کا احتجاجی کیمپ جو کئی دنوں سے جاری رہا۔ اسکے علاوہ بھی دیگر تعلیمی اداروں کہ طلبہ اپنے مسائل کے حل کے لئے لڑائی لڑتے نظر آرہے ہیں جس سے ریاست کے طلبہ اور تعلیم دشمن رویے کا اظہار ہوتا ہے کہ کس طرح تعلیم کی بنیادی ضرورت جو مفت میسر ہونی چاہئے اسے کاروبار بنا کر محنت کشوں کے بچوں کو نا صرف لوٹا جا رہا بلکہ تعلیم کی قیمتوں میں اضافہ کر کے انہیں تعلیم سے ہی محروم کیا جارہا ہے۔

اس لیے حشمت میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے طلبہ کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ اس لڑائی میں وہ اکیلے نہیں ہیں بلکہ دیگر طلبہ کے مسائل بھی ان سے مشترک ہیں اور ان کو اس لڑائی میں شامل کر کے اپنی طاقت کو بڑھاتے ہوئے ہی اس لڑائی کو جیتا جاسکتا ہے۔ پروگریسیو یوتھ الائنس طلبہ کی اس لڑائی میں ان کے ساتھ آخری دم تک لڑنے کی یقین دہانی کرواتا ہے، اور ان کی اس لڑائی کو اپنی لڑائی سمجھتے ہوئے اس کا پیغام نا صرف ملک بھر میں پہنچائے گا بلکہ ضرورت پڑنے پر ملک بھر میں طلبہ اور محنت کشوں کی یکجہتی بھی حاصل کرے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.