|رپورٹ: پروگریسو یوتھ الائنس، گوجرانوالہ|
6 اگست 2021 ء کو ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ(HED)نے پنجاب یونیورسٹی گوجرانوالہ کیمپس اور یو ای ٹی کیمپس(رچنا کالج) کو ملا کر یونیورسٹی آف گوجرانوالہ بنا نے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا۔ جس پر طلبہ میں غصے کی لہر دوڑ گئی، کیونکہ کافی عرصے سے گوجرانوالہ میں ایک الگ یونیورسٹی بنانے کا وعدہ کیا گیا تھا جس کو اس بھونڈے انداز میں پورا کرنے کی کوشش کی گئی۔طلبہ نے اس کے خلاف شدید ردِعمل دکھایا اور فیکلٹی کو ساتھ ملاتے ہوئے احتجاج کی کال دی۔ طلبہ کی بڑی تعداد نے احتجاج میں حصہ لیا اور الگ یونیورسٹی کا مطالبہ رکھا۔ اس احتجاج کے نتیجے میں آج 17 اگست کو ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نے چیمبر آف کامرس میں طلبہ کے مطالبات کو ماننے کا اعلان کیا اورر ت جھال پر یونیورسٹی بنانے کیلئے اراضی فائنل کردی۔ ہم طلبہ کی اس کامیابی پر ان کو مبارک باد پیش کرتے ہیں اور طلبہ کی جرات کو سلام پیش کرتے ہیں۔
اس کامیاب تحریک میں پروگریسو یوتھ الائنس نے سرگرم اور قائدانہ کردار ادا کیا۔ سب سے پہلے پروگریسو یوتھ الائنس کے کارکنان نے واٹس ایپ گروپ بنایا تا کہ طلبہ کے پاس ایک پلیٹ فارم ہو جہاں ساری تحریک کا لائحہ عمل بنایا جائے۔ اس کے بعد پروگریسو یوتھ الائنس نے ہی ٹویٹر ٹرینڈ چلانے کا آغاز کیا اور احتجاج کرنے کا بھی مشورہ دیا۔ ہم مزدوروں کی ملک گیر تنظیم ریڈ ورکرز فرنٹ کے بھی شکر گزار ہیں جو طلبہ، فیکلٹی،اساتذہ اور دیگر ملازمین کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہے۔
اس تحریک کے آغاز میں طلبہ تذبذب کا شکار تھے، وہ اپنے اس مسئلے کے حل کیلئے مختلف سیاسی پارٹیوں سے مدد طلب کرنا چاہتے تھے۔مگر پروگریسو یوتھ الائنس نے اس بات کو یقینی بنایا کے اس تحریک سے سیاسی پارٹیوں کو دور رکھا جائے اور اس تحریک میں صرف طلبہ اور ملازمین ہی شریک ہوں۔
طلبہ کی یہ کامیابی اس با ت کا واضح اظہار ہے کہ طلبہ اپنے تمام مسائل کو مل کر اور مزاحمت کا راستہ اپنا کر حل کروا سکتے ہیں۔ اب طلبہ اس حوالے سے طلبہ کمیٹی بنانے کا بھی سوچ رہے ہیں اورپروگریسو یوتھ الائنس اس کمیٹی کی تشکیل میں طلبہ کے ساتھ پیش پیش رہے گا۔ یہ ابھی صرف شروعات ہے۔ اس احتجاج نے طلبہ کو متحد کیا ہے اور آگے بھی اپنے دیگر مسائل کو حل کروانے کیلئے ایک ساتھ مل کر لڑیں گے۔اور ان مسائل کے حل تک جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔
ایک کا دکھ، سب کا دکھ!
طلبہ اتحاد زندہ باد!