|رپورٹ: عرفان منصور، مرکزی انفارمیشن سیکریٹری پی وائی اے|
پروگریسو یوتھ الائنس نے یونان کشتی سانحہ میں ہونے والی اموات اور بے روزگاری کے خلاف 22 اور 23 جون کو ملک گیر سطح پر احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کا انعقاد کیا۔ جس میں طلبہ نوجوانوں اورمحنت کشوں نے شرکت کی۔ ان احتجاجوں کے ذریعے جہاں ایک طرف یورپی سرمایہ داری کی مزدور دشمنی کو عوام کے سامنے عیاں کیا گیا وہیں دوسری طرف پاکستان کی اندر بڑھتی ہوئی بیروزگاری کے اسباب اور اس کے حل کے لئے سوشلسٹ انقلاب کی اہمیت و ضرورت پر بات کی گئی۔
ان احتجاجات میں شرکاء نے یونان کشتی سانحے میں ہونے والی اموات، ویزا سسٹم اور سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف نعرے بازی کی۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ ملک چھوڑ کر جانے کے پیچھے بنیادی سبب بڑھتی ہوئی بیروزگاری ہے۔ پچھلے چند سالوں میں کروڑوں لوگ بیروزگار ہو چکے ہیں۔ یہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ روزگار دے یا ماہانا 25 ہزار روپے بیروزگاری الاؤنس مہیا کرے۔
اس احتجاجی سلسلے کے پہلے دن، 22 جون بروز جمعرات کو ٹنڈو الہیار اور ڈیرہ غازی خان میں پریس کلب کے سامنے احتجاج کیے گئے اور لاہور میں صادق مینشن سے حافظ جوس کارنر انارکلی تک ریلی نکالی گئی۔
اسی طرح دوسرے دن 23 جون بروز جمعہ کو کراچی اور ٹنڈو محمد خان میں پریس کلب کے سامنے، بہاولپورمیں یونیورسٹی چوک پر، ہجیرہ (کشمیر) میں ٹی ایچ کیو ہسپتال کے سامنے، گلگت بلتستان کے علاقے خومر میں، کوئٹہ میں ریگل چوک پر، اورپشاور میں فقیر ایپی لان پشاور یونیورسٹی میں احتجاج ریکارڈ کروائے گئے۔
اس وقت جب کہ تمام سیاسی پارٹیاں محنت کشوں، طلبہ، خواتین اور سماج کی دیگر مظلوم پرتوں کے مسائل سے مکمل منہ موڑ چکی ہیں اور سرمایہ داروں اور حکمران طبقے کے دیگر نمائندوں کی جھولی میں کھیل رہی ہیں۔ پروگریسو یوتھ الائنس کی طرف سے ایسے وقت میں ملک گیر احتجاج منعقد کرنے کو طلبہ، نوجوانوں اورمحنت کشوں نے سراہا۔
ہم سمجھتے ہیں کہ تمام مسائل کی بنیادی وجہ سرمایہ دارانہ نظام ہے۔ سوشلزم کے انقلابی نظریات سے لیس ہو کر انسان دشمن سرمایہ دارانہ نظام کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ ہم یہ اعادہ کرتے ہیں کہ ہم بیروزگاری، غربت، مہنگی تعلیم، ہراسانی، طلبہ یونین پر پابندی کے خلاف اپنی آواز کو ملک کے شہر شہر، گاؤں گاؤں، کوچے کوچے، قریے قریے، گلی گلی لیکر جائیں گے اورسماج کی تمام مظلوم پرتوں کے ساتھ اتحاد بناتے ہوئے محنت کشوں کی قیادت میں سوشلسٹ انقلاب برپا کرنے کی جدوجہد کوتیز تر کریں گے۔
پروگریسو یوتھ الائنس کا ممبر بننے کے لیے یہاں کلک کریں۔