|رپورٹ: پروگریسو یوتھ الائنس، لاہور|
انقلاب روس کے قائد عظیم انقلابی ولادیمیر لینن کے انتقال کو ایک صدی بیت چکی ہے۔ اس کی 100ویں برسی کی مناسبت سے لاہور میں پروگریسو یوتھ الائنس کی جانب سے 3 فروری، بروز ہفتہ کو ”لینن فیسٹیول“ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ جس میں طلبہ، نوجوانوں، محنت کشوں اور سیاسی کارکنان کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔
لینن کی قیادت میں 1917ء میں محنت کشوں نے روس میں زار شاہی کا تختہ الٹتے ہوئے مزدور ریاست کی بنیاد رکھی تھی۔ لینن کے نظریات دنیا بھر کے محنت کشوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔ آج جہاں سرمایہ دارانہ نظام کا بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے وہاں طبقاتی جدوجہد بھی شدت پکڑتی جا رہی ہے۔ ان حالات میں لینن کے نظریات کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سرمایہ دارانہ نظام کے معذرت خواہوں کی طرف سے لینن کی شخصیت کو مسخ کرنے کی حتی المقدور کوشش جاری ہے۔
جان ریڈ نے اپنی کتاب ’دنیا کو دہلا دینے والے دس دن‘ میں لکھا ہے کہ لینن بیک وقت زیادہ چاہی جانے والا اور نفرت کا سامنا کرنے والی شخصیت ہے۔ کروڑوں محنت کش جو سماج کو بدلنا چاہتے ہیں وہ لینن سے محبت کرتے ہیں مگر حکمران طبقہ اور ان کے معذرت خواہ نفرت کرتے ہیں۔
لینن کو خراج تحسین پیش کرنے کا واحد راستہ لینن اور اس کے انقلابی نظریات کو سمجھ کر دنیا کو بدلنا ہے۔ پروگریسیو یوتھ الائنس لینن کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے لاہور میں 3 فروری کو بختیار لیبر ہال میں ”لینن فیسٹیول“ کا انعقاد کرنے جا رہا ہے۔
جس میں لینن کی بچپن کی زندگی (ابتدائی سیاسی زندگی)، 1917 ء کے انقلاب روس سے پہلے کی نظریاتی و سیاسی جدوجہد، انقلاب روس میں لینن کے کرداراور آج بھی لینن کے نظریات کیوں اہم ہیں؟ جیسے موضوعات کو زیرِ بحث ہوں گے۔
اس کے علاوہ تھیٹر پرفامنس سمیت استاد ناصر خان کے ساتھ انقلابی موسیقی کا بھی سیشن ہو گا۔
’لینن فیسٹیول‘کی تیاریوں کے سلسلے میں لاہور بھر کی یونیورسٹیوں اور کالجوں میں کیمپین کی جائے گی۔ یونیورسٹی ہاسٹلوں، کینٹینوں اور چائے خانوں پہ لیف لیٹنگ، پوسٹرنگ اور سٹڈی سرکلز کے ذریعے طلبہ اور نوجوانوں کوشرکت کی دعوت دی جائے گی۔ اور اس سب سے بڑھ کر محنت کشوں کے عظیم انقلابی کی مناسبت سے اس پروگرام میں محنت کشوں کو بھی شمولیت کی خصوصی دعوت دی جائے گی۔ جس میں انڈسٹریل ایریا، ریلوے، واپڈا اور ہیلتھ ورکرز تک اس فیسٹیول کا پیغام پہنچایا جائے گا۔
’لینن فیسٹیول‘ میں دو گھنٹوں کا اوپن سیشن بھی ہو گا جو کہ سوال و جواب کا سیشن ہو گا جس میں لینن کی شخصیت اور نظریات پر اوپن ڈسکشن کی جائے گی۔
ہم طلبہ، نوجوانوں، اور محنت کشوں کودعوت دیتے ہیں کہ ’لینن فیسٹیول‘ میں ضرور شرکت کریں۔ اور اس کو منظم کرنے میں ہماری مدد کریں۔ تاکہ لینن کے انقلابی نظریات کی بنیاد پر پاکستان میں بھی عوام دشمن حکمرانوں، امیروں اور سرمایہ داروں کی لوٹ مار پر قائم اس ریاست کا خاتمہ کر کے محنت کشوں کے کنٹرول پر مبنی سوشلسٹ سماج تعمیر کیا جائے۔ سوشلزم ہی بوکھ، ننگ، بے روزگاری، لا علاجی، جہالت اور مفلسی جیسے عذابوں سے حقیقی طور پرنجات دلا سکتا ہے۔
’لینن فیسٹیول‘ میں شرکت کے لئے اپنی رجسٹریشن کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
لینن فیسٹیول کے انعقاد کو رضاکارانہ طور پر منظم کروانے کے لئے یہاں کلک کریں۔
سوشلسٹ انقلاب ہی واحد حل ہے۔