فلم ری ویو: دی ینگ کارل مارکس

یہ فلم جرمن زبان میں بنائی گئی ہے لیکن اب یہ انگریزی زبان کی ڈبنگ میں بھی دستیاب ہے۔ اس فلم کو بنانے میں دس سال سے زیادہ کا عرصہ لگا اوراس کو بنانے والوں نے مختلف اداروں سے قرضہ لے کر یا اشتراکت کے ذریعے انتہائی نا مساعد حالات میں اس کو مکمل کیا۔ کارل مارکس پر بننے والی یہ پہلی فلم ہے جو واضح کرتی ہے کہ دنیا بھر کے فلم بنانے والے تاریخ کی اس اہم ترین شخصیت کو دو صدیوں تک نظر انداز کرتے رہے لیکن اس کے باوجود اس کے نظریات کے اثر کو کم نہیں کر سکے۔

اس فلم میں کارل مارکس کی زندگی کے صرف پہلے حصے کو دکھایا گیا ہے جو اس فلم کے نام میں بھی واضح ہے۔ فلم بنانے والوں نے مارکس کی زندگی پر بہت ہی شاندار تحقیق کی ہے اور فلم حقیقی واقعات سے بہت ہی قریب ہے۔ فلم میں مارکس کی جوانی میں ہونے والی اہم نظریاتی بحثوں کو انتہائی مہارت سے دکھایا گیا۔ مارکس اور اینگلز کی لازوال دوستی کی ابتدا کیسے ہوئی اور وہ کیسے اپنی تمام تحریروں اور سیاسی لڑائیوں میں مل کر شرکت کرتے رہے، یہ کافی تفصیل سے دکھایا گیا ہے۔ اسی طرح اس وقت فرانس کے مشہور فلسفی اور نظریہ دان کے خلاف نوجوان مارکس کے جرات مندانہ دلائل سے کامیابی بھی واضح نظر آتی ہے۔ برطانیہ کی مزدور تحریک میں مارکس اور اینگلز کی شمولیت اور اس میں ایک معیاری کردار ادا کرتے ہوئے کمیونسٹ مینی فیسٹو جیسی تاریخی دستاویز کو تحریر کرنے تک کا عمل بھی کسی حد تک دکھایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مارکس اور اینگلز کی ذاتی زندگی کے بھی کچھ حصے اس فلم میں نظر آتے ہیں۔ مارکس کی نوجوانی اور تاریخ کے اس اہم ترین حصے کو جاننے کے خواہشمند افراد کو یہ فلم ضرور دیکھنی چاہیئے۔ یہ فلم انقلاب کرنے کے جذبے کو بھی ابھارتی ہے اور نظریاتی بحثوں کی اہمیت سے بھی آگاہ کرتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.