About

پروگریسو یوتھ الائنس (PYA) کوئی طلبہ یونین یا فیڈریشن نہیں ہے۔ PYA کا مقصد ترقی پسند رجحان رکھنے والے نوجوانوں اور طلبہ تنظیموں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرنا ہے تاکہ سیاسی جمود اور پراگندگی کا شکار زوال پذیر طلبہ سیاست کو عہد حاضر کے تقاضوں کے مطابق نظریاتی بنیادوں پر منظم اور متحرک کر کے نوجوانوں کے حقوق اور سوشلسٹ انقلاب کی جدوجہد کو آگے بڑھایا جائے۔ PYA جہاں طلبہ میں منشیات، جرائم، غنڈہ گردی اور اسلحہ کلچر کی شدید مذمت کرتی ہے وہاں ان رجحانات کے ذمہ دار اس سرمایہ دارانہ نظام اور موجودہ حکمرانوں کے خلاف ناقابل مصالحت جدوجہد کا عزم کرتی ہے۔

پروگرام و مطالبات

* تمام تعلیمی اداروں بالخصوص یونیورسٹی فیسوں میں اضافہ فی الفور واپس لیا جائے۔

* تمام پرائیویٹ تعلیمی اداروں کو نیشنلائز کر کے تعلیم کے کاروبار کو بند کیا جائے۔
* تعلیمی اداروں میں یونین سازی طلبہ کا آئینی، سیاسی اور قانونی حق ہے۔ طلبہ یونین پر پابندی فی الفور ختم کر کے یونین الیکشن کروائے جائیں، طلبہ کو اپنے حقوق کی آواز بلند کرنے کا حق دیا جائے اور تعلیمی اداروں کے تمام انتظامی امور میں طلبہ کی رائے کو فوقیت دی جائے۔
* تعلیمی اداروں میں طلبہ کو فنون لطیفہ، تکنیک، ریسرچ لیبز، فیلڈ وزٹ، کھیل کے مواقع، تفریحی اور ثقافتی سرگرمیوں کے لئے سہولیات فراہم کی جائیں۔
* ہر تعلیمی ادارے میں ہاسٹل اور ٹرانسپورٹ طلبہ کی تعداد کے تناسب سے فراہم کئے جائیں۔
* تعلیمی اداروں میں ’’ڈسپلن‘‘ کے نام پر انتظامیہ کی بے جا دھونس کا خاتمہ کیا جائے۔ طلبہ کو کسی بھی طرح سے ہراساں یا بلیک میل کرنے والے انتظامیہ یا فیکلٹی اہلکاروں کا محاسبہ کیا جائے۔
* طرح طرح کے انٹری ٹیسٹ، ’’میرٹ‘‘ اور سیلف فنانس کو فوری طور پر ختم کر کے طبقاتی نظام تعلیم کا خاتمہ اور ہر سطح پر یکساں نظام تعلیم رائج کیا جائے۔
* فنی تعلیم اور ووکیشنل ٹریننگ کو عام کیا جائے۔
* تعلیم اور ملازمت میں خواتین کو یکساں مواقع فراہم کئے جائیں اور مخلوط نظام تعلیم رائج کیا جائے۔ جنسی بنیادوں پر ہر قسم کے تعصب اور استحصال کا خاتمہ کیا جائے۔
* فرسودہ نظام تعلیم اور طریقہ امتحان کو ختم کیا جائے، مدرسہ جاتی اداروں کو نیشنلائز کر کے جدید سائنسی بنیادوں پر استوار کیا جائے۔
* اساتذہ کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ کر کے ٹیوشن مافیا جیسی لعنت کا خاتمہ کیا جائے۔
* تمام اداروں کو خصوصاً تعلیمی اداروں کو فوری طور پر منشیات کے بیوپاریوں سے پاک کیا جائے۔
* تعلیم کے بجٹ میں کم از کم 10 گنا اضافہ کیا جائے۔ ریاست آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک جیسے سامراجی مالیاتی اداروں کے قرضے ضبط کرتے ہوئے ان وسائل کو عوام کی صحت اور تعلیم پر خرچ کرے۔
* تمام بیروزگاروں کو رجسٹر کر کے روزگار یا کم ازکم 30 ہزار روپے بیروزگاری الاؤنس دیا جائے۔
* کام کے اوقات کار 6 گھنٹے پر لائے جائیں تاکہ چار شفٹوں کے ذریعے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں۔
* چائلڈ لیبر پر پابندی یقینی بنائی جائے اور تمام بے سہارا بچوں کی کفالت ریاست کرے۔
* تمام نجی بینکوں کو نیشنلائز کر کے اس سرمائے سے عوامی سہولیات اور صنعتکاری کے منصوبے شروع کئے جائیں۔
* بند نجی صنعتوں کو نیشنلائز کر کے چلایا جائے تاکہ نیا روزگار پیدا ہو۔
* انفرادی دہشت گردی اور مذہبی فرقہ واریت کے خلاف بھرپور جدوجہد کی جائے۔
* قومی، لسانی، مذہبی اور علاقائی تعصب کے خلاف پر عزم جدوجہد کی جائے۔
* مظلوم قومیتوں کے حق خود ارادیت کو تسلیم کیا جائے۔
* ریاست کو مذہب سے الگ کیا جائے۔
* طلبہ اور نوجوانوں کی سیاسی اور نظریاتی تربیت کرتے ہوئے سوشلسٹ انقلاب کی جدوجہد تیز کی جائے۔


(پروگریسو یوتھ الائنس (PYA) کا تاسیسی کنونشن 5 دسمبر 2015ء کو لاہور میں منعقد ہوا۔ PYA کی تاسیسی دستاویز، جس میں PYA کے مختصر تعارف، لائحہ عمل اور نظریات کا احاطہ کیا گیا ہے، PDF فارمیٹ میں پڑھنے کے لئے یہاں کلک کریں۔)